اتوار 25 مئی 2025 - 10:51
وہ شہید جس نے دوست کی مدد کے لیے اپنی گاڑی فروخت کر دی

حوزہ/ شہید مدافعِ حرم حسن قاسمی‌ دانا، جن کی آمدنی بہتر تھی اور جو چند یتیم بچیوں کی کفالت کرتے تھے، انہوں نے اپنے ایک دوست کی بیوی کے زچگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی ذاتی گاڑی فروخت کر دی اور اس کی تمام رقم اسے ہدیہ کر دی۔

حوزہ نیوز ایجنسی | شہید مدافعِ حرم حسن قاسمی‌ دانا، جن کی آمدنی بہتر تھی اور جو چند یتیم بچیوں کی کفالت کرتے تھے، انہوں نے اپنے ایک دوست کی بیوی کے زچگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی ذاتی گاڑی فروخت کر دی اور اس کی تمام رقم اسے ہدیہ کر دی۔ شہید کی والدہ جو اس وقت اس اقدام کی حقیقت سے بے خبر تھیں، بعدِ شہادت اس فداکاری کی اصل وجہ سے مطلع ہوئیں، لیکن جب دوست نے وہ رقم واپس کرنے کی پیشکش کی تو انہوں نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

مادرِ شہید کی زبانی، اس نورانی واقعے کی روداد قارئین کی خدمت میں پیش ہے:

حسن کی آمدنی اچھی تھی۔

میں اکثر کہتی: ’’تم کچھ سیونگ کیوں نہیں کرتے؟‘‘

وہ کہتا: ’’جہاں ضرورت ہو، وہاں سیونگ کرتا ہوں۔‘‘

کچھ یتیم لڑکیوں کی کفالت اس نے لے رکھی تھی۔

شہادت سے چند ماہ قبل ایک دن گھر آیا اور بولا: ’’گاڑی کے کاغذات چاہیے۔‘‘

میں نے پوچھا: ’’کیا کرنے والے ہو؟‘‘

کہا: ’’ضرورت ہے۔‘‘

گاڑی لے گیا اور فروخت کر دی۔

میں نے کہا: ’’تم نے گاڑی کیوں بیچ دی؟‘‘

کہا: ’’ضرورت تھی۔‘‘

میں عام طور پر زیادہ سوال نہیں کرتی تھی، لہٰذا خاموش رہی۔

شہادت کے بعد اس کا ایک دوست ہمارے گھر آیا اور کہنے لگا:

’’میری بیوی امید سے تھی اور زچگی کے اخراجات بہت زیادہ تھے۔

میں نے بہت کوشش کی کہ کسی طرح قرض یا امداد حاصل ہو جائے، لیکن کچھ نہ بن سکا۔

دوستوں سے بھی مدد مانگی مگر کام نہ آیا۔

ایک دن میں نے دل ہلکا کرنے کے لیے حسن سے بات کی اور کہا: بیوی کی زچگی قریب ہے اور شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

حسن نے فوراً گاڑی کی چابی میرے ہاتھ میں تھمائی اور کہا: فوراً گاڑی بیچ دو اور اخراجات پورے کرو۔

میں نے کہا: میں تو صرف دل کی بات کر رہا تھا، کوئی توقع نہیں تھی، اور چابی واپس کر دی۔

لیکن حسن خود گیا، گاڑی بیچی، اور اس کی رقم لا کر مجھے دے دی۔‘‘

اس دوست نے کہا: ’’اب میں چاہتا ہوں کہ شہید کی دی ہوئی رقم واپس کر دوں۔‘‘

میں نے کہا: ’’جب میرے بیٹے نے یہ رقم آپ کو ہدیہ کی تھی، تو اب میں اُسے واپس نہیں لوں گی۔‘‘

ماخذ: کتاب «زندگی به سبک شهدا»

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha