جمعرات 25 دسمبر 2025 - 10:27
جنوبی لبنان کی تعمیر نو کے لیے عراق میں خصوصی دفتر کے قیام کا اعلان

حوزہ/ عراقی حکومت نے جنوبی لبنان کی تعمیر نو کی کوششوں میں بھرپور شراکت کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کرتے ہوئے بیروت میں اپنے سفارت خانے کے اندر ایک خصوصی دفتر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو ان منصوبوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیرِ اعظم کے دفتر کے سربراہ احسان العودای کی قیادت میں ایک عراقی وفد نے صدرِ لبنان جوزف عون سے بعبدا پیلس میں ملاقات کے بعد جاری بیان میں بتایا کہ بیروت میں عراقی سفارت خانے کے اندر ایک خصوصی دفتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ دفتر جنوبی لبنان کی تعمیر نو سے متعلق منصوبوں پر عمل درآمد کی پیروی، متعلقہ لبنانی اداروں سے براہِ راست رابطہ اور زمینی حقائق کی بنیاد پر فوری ترجیحات کے تعین کا ذمہ دار ہوگا۔

اخبار الاخبار کے حوالے سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عراق کی اس خواہش کا مظہر ہے کہ وہ خطے میں استحکام کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے، برادر لبنانی عوام کی حمایت کرے اور جنوبی علاقوں کے مکینوں کو اپنی سر زمین پر قائم رہنے اور بے گھری سے بچانے میں مدد دے۔ اس مقصد کے لیے باعزت زندگی کے بنیادی تقاضوں کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو اور ضروری خدمات کی بحالی پر توجہ دی جائے گی۔

عراقی وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عراقی حکومت تعمیر نو کے عمل کو ایک انسانی اور برادرانہ ذمہ داری سمجھتی ہے۔ یہ قدم عراق کی اس خارجہ پالیسی کے مطابق ہے جس کا مقصد عرب ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور بحران کے اوقات میں برادر ممالک کو عملی تعاون فراہم کرنا ہے، تاکہ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

بیان کے مطابق، بیروت میں قائم ہونے والا عراقی دفتر جلد ہی اپنا کام شروع کرے گا، تاکہ لبنانی فریق کے ساتھ مل کر تفصیلی عملی منصوبے تیار کیے جا سکیں اور عراق کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو یقینی بنایا جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha