بدھ 11 نومبر 2026 - 17:42
مدارس کی آئینی خودمختاری، تعلیمی آزادی اور اقلیتی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے: پٹنہ میں چار ریاستوں کے تعلیمی نمائندوں کا مطالبہ

حوزہ/ پٹنہ میں منعقدہ مدارس اسلامیہ کنونشن میں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے علماء و تعلیمی نمائندوں نے مدارس کی آئینی خودمختاری، اقلیتی حقوق اور تعلیمی آزادی کے تحفظ کے ساتھ تعلیمی و انتظامی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پٹنہ/ ہندوستان میں اقلیتی تعلیمی اداروں کے آئینی حقوق، تعلیمی خودمختاری اور مذہبی و تہذیبی شناخت کے تحفظ کے مطالبے کے ساتھ پٹنہ میں مدارس اسلامیہ کا ایک اہم کنونشن منعقد ہوا، جس میں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے علماء، تعلیمی نمائندوں اور دانشوروں نے شرکت کرتے ہوئے مدارس کے تحفظ، تعلیمی نظام کی بہتری، طلبہ کے حقوق اور حکومتی مداخلت سے متعلق مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔

امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے زیر اہتمام 11 نومبر کو باپو سبھاگار آڈیٹوریم پٹنہ میں منعقدہ اس کنونشن کی صدارت جناب احمد ولی فیصل رحمانی نے کی۔ اجتماع میں ہندوستانی آئین کی دفعات 29 اور 30 کی روشنی میں اقلیتی تعلیمی اداروں کے حقوق اور ان کے قانونی تحفظ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

مدارس کی آئینی خودمختاری، تعلیمی آزادی اور اقلیتی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے: پٹنہ میں چار ریاستوں کے تعلیمی نمائندوں کا مطالبہ

اپنے کلیدی خطاب میں جناب احمد ولی فیصل رحمانی نے کہا کہ ہندوستان کے دینی مدارس نے تعلیم، تہذیب اور مذہبی روایات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آئین ہند کی دفعہ 29 مختلف طبقات کو اپنی زبان، رسم الخط اور ثقافت کے تحفظ کا حق فراہم کرتی ہے، جبکہ دفعہ 30 اقلیتوں کو اپنے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور ان کا انتظام چلانے کا آئینی حق دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حقوق کو مؤثر بنانے کے لیے تعلیمی اداروں کا منظم نظام، مستند تعلیمی اسناد اور مضبوط قانونی ڈھانچہ ضروری ہے۔

انہوں نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے مدارس کے قانونی تشخص اور انتظامی خودمختاری سے متعلق مسائل کی وضاحت کی اور کہا کہ تعلیمی اداروں کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے قانونی رہنمائی اور ضروری دستاویزات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امارت شرعیہ کے نائب جناب شمشاد رحمانی نے کہا کہ ہندوستان کی تحریک آزادی میں علماء نے نمایاں قربانیاں پیش کی ہیں، تاہم بعض حلقوں کی جانب سے ان کی تاریخی خدمات کو مشتبہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ان معاملات کا جواب قانونی اور آئینی طریقوں سے دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

امارت شرعیہ کے ناظم جناب مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ مدارس نے ملک کی تعلیمی، سماجی اور تاریخی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ حالات میں ان اداروں کے تحفظ کے ساتھ ان کے داخلی انتظامی و تعلیمی نظام کو بہتر بنانا بھی ضروری ہے۔

جناب مفتی محمد انظار عالم قاسمی نے طلبہ کی حفاظت اور ان سے متعلق قانونی ذمہ داریوں پر گفتگو کی، جبکہ جناب مفتی محمد سہراب ندوی نے امارت شرعیہ کی تاریخی خدمات اور مدارس کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کا ذکر کیا۔ جناب مفتی وصی احمد قاسمی نے اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں اور ان کے حقوق سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی۔

کنونشن سے مولوی مفتی محمد نوشاد نوری قاسمی، مولوی ابو الکلام شمسی، مولوی رضوان احمد اصلاحی، پروفیسر شکیل احمد قاسمی، مولوی سیف الرحمٰن رحمانی، مولوی ابرار احمد، مولوی محب اللہ قاسمی، مولوی ضمیر الدین قاسمی، مولوی محمد انور قاسمی اور مولوی آفتاب عالم ندوی سمیت مختلف ریاستوں کے دیگر نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔

مدارس کی آئینی خودمختاری، تعلیمی آزادی اور اقلیتی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے: پٹنہ میں چار ریاستوں کے تعلیمی نمائندوں کا مطالبہ

کنونشن کی اہم تجاویز اور مطالبات

اجتماع میں مدارس کے قانونی، تعلیمی، انتظامی اور مالیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے دس نکاتی تجاویز پیش کی گئیں، جن میں نمایاں طور پر درج ذیل امور شامل ہیں:

1۔ اقلیتی تعلیمی اداروں کا قانونی تحفظ: مدارس کو ٹرسٹ، سوسائٹی یا قانونی طور پر تسلیم شدہ دیگر اداروں کی شکل میں منظم کرنے، زمین و عمارت کی دستاویزات مکمل رکھنے اور آئین کی دفعہ 30 کے تحت حاصل حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی اقدامات کی تجویز پیش کی گئی۔

2۔ طلبہ کی سلامتی: طلبہ و طالبات کے لیے تحریری ضابطۂ اخلاق مرتب کرنے، جسمانی سزا اور ذہنی اذیت کی روک تھام، جنسی استحصال کے واقعات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے اور بچوں کی آمد و رفت کے لیے ضروری دستاویزات رکھنے پر زور دیا گیا۔ کم عمر طلبہ سے سڑکوں اور بازاروں میں چندہ جمع کرانے کے عمل کو ختم کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔

3۔ اساتذہ اور ملازمین کے حقوق: اساتذہ و ملازمین کو مقررہ کم از کم اجرت کے مطابق تنخواہیں ادا کرنے، بروقت ادائیگی اور ملازمت کا ریکارڈ رکھنے، نیز اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مستقل پروگرام منعقد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

4۔ نصاب اور تعلیمی اسناد: دینی تعلیم کے ساتھ اردو، ہندی، انگریزی، ریاضی اور بنیادی سائنس جیسے مضامین کو نصاب میں شامل کرنے اور مدارس کی تعلیمی اسناد کو تسلیم شدہ تعلیمی اداروں سے مربوط کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ مشترکہ امتحانی نظام اور آزاد تعلیمی بورڈ کے قیام کے امکانات پر کام کرنے کی بات بھی کہی گئی۔

5۔ مالیاتی شفافیت: مدارس کے مالیاتی معاملات کو شفاف بنانے، بینک کے ذریعے لین دین، سالانہ آڈٹ اور غیر ملکی عطیات کے لیے متعلقہ قوانین کی پابندی پر زور دیا گیا۔ تعلیمی وسائل کو غیر ضروری اخراجات کے بجائے طلبہ اور اساتذہ کی ضروریات پر خرچ کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔

6۔ تعلیمی و سماجی اصلاحات: مسلم آبادیوں میں خودکفیل تعلیمی مکاتب قائم کرنے، لڑکیوں کی تعلیم کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنے اور نوجوان نسل کی تعلیمی و اخلاقی رہنمائی کے لیے مؤثر پروگرام شروع کرنے پر زور دیا گیا۔

7۔ قانونی و انتظامی کمیٹیاں: مدارس کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی رابطہ کمیٹی، عدالتی و قانونی کمیٹی، بلاک سطح کی رہنما کمیٹی، جائزہ و تربیتی کمیٹی اور ہنگامی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں سے ملاقات کے لیے ایک وفد تشکیل دینے کی تجویز پیش کی گئی۔

8۔ بہار مدرسہ بورڈ سے متعلق مطالبات: کنونشن نے حکومت بہار سے منظور شدہ خالی تدریسی عہدوں پر تقرری، اساتذہ کی کمی دور کرنے، زیر التوا تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگی اور مدرسہ بورڈ کے انتظامی معاملات میں شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق تقریباً 3588 مدارس میں سے 1646 منظور شدہ اداروں کو سرکاری امداد نہیں مل رہی، جبکہ 600 مدارس کی فائلیں سیکریٹریٹ میں زیر التوا ہیں۔

9۔ انتظامی خودمختاری اور تقرری کا اختیار: کنونشن نے 2022 کے مدرسہ مجلس منتظمہ قواعد کی بعض شقوں پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسی شرائط پر نظرثانی کی جائے جو اس کے بقول اقلیتی تعلیمی اداروں کی انتظامی خودمختاری اور اساتذہ کی تقرری کے اختیارات کو متاثر کرتی ہیں۔ اس موقع پر مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سے منسوب ایک واقعے کی بھی مذمت کی گئی، جس میں ایک عالم دین کی مذہبی وضع قطع کے حوالے سے مبینہ توہین آمیز رویے کا ذکر کیا گیا، اور حکومت سے غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔

10۔ تعلیمی معیار میں بہتری: کنونشن نے تمام مدارس کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ تعلیم و تربیت کے معیار کو بہتر بنائیں، انتظامی اختلافات کو حل کریں، معاشرے کے ساتھ رابطہ مضبوط کریں اور ایسے تعلیمی ماحول کو فروغ دیں جو طلبہ کو دینی علوم کے ساتھ عصری ضروریات سے بھی ہم آہنگ کرسکے۔

مدارس کی آئینی خودمختاری، تعلیمی آزادی اور اقلیتی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے: پٹنہ میں چار ریاستوں کے تعلیمی نمائندوں کا مطالبہ

کنونشن میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مدارس کی تعلیمی شناخت اور آئینی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ان کے اندرونی نظام، تدریسی معیار اور انتظامی شفافیت کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی تعلیمی اداروں کے ساتھ آئین میں درج حقوق اور قانونی اصولوں کے مطابق یکساں اور منصفانہ طرز عمل اختیار کیا جائے۔

اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ مختلف مقررین نے مدارس کے مستقبل، تعلیمی مسائل اور آئینی حقوق سے متعلق اپنی آراء پیش کیں۔ اجلاس کے اختتام پر پیش کردہ تجاویز اتفاق رائے سے منظور کی گئیں اور دعا کے ساتھ کنونشن اختتام پذیر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha