۱۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۵ شوال ۱۴۴۵ | May 4, 2024
آیت اللہ العظمیٰ علوی گرگانی

حوزہ / آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا: دشمن ثقافتی یلغار کے ذریعے نوجوان نسل کے افکار کو اپنی جانب راغب کرنا چاہتا ہے اور یہ بہت بڑا چیلنج ہے کہ جس کا ہماری جوان نسل کو سامنا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ علوی گرگانی نے آج شہر قم میں اپنے دفتر میں طلباء کے ایک گروہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جوانوں کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا: تربیت اہم ترین مسائل میں سے ہے اگر اس کی طرف توجہ دی جائے تو معاشرے کی بہت ساری مشکلات دور ہو جائیں گی۔

دینی علوم کے اس استاد نے کہا: انبیاء لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے لئے آئے تھے اگر کوئی شخص دین اور الہی قوانین پر عمل کرے تو سعادت اور خوشبختی اس کا مقدر بنے گی اور اگر انسان کو معلوم نہ ہو کہ وہ دنیا میں کس لئے آیا ہے تو وہ ترقی اور خوشبختی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتا ہے۔

شیعہ مرجع تقلید نے کہا: خداوند عالم نے انسان کو بے مقصد خلق نہیں کیا ہے۔ اس کی خلقت کا مقصد بندگی اور عبادت ہے۔

آیت اللہ علوی گرگانی نے کہا: خداوند کریم اور خلقت کے ہدف کی معرفت بہت ساری مشکلات کا حل ہے۔

انہوں نے کہا: اگر ہم اپنی اور اپنے خدا کی معرفت رکھتے ہوں تو یقینا ہم کمال تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے آخر میں کہا: آج دشمن مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے جوانوں کے افکار کو اپنی جانب راغب کرنا چاہتا ہے اور یہ جوان سماج کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .