۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
روس کی  نامور اورایوارڈ یافتہ  مسلم خاتون

حوزہ/روس کی نامور اورایوارڈ یافتہ مسلم خاتون گوہر مہر علی اوف نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت کو اپنی دلی آرزو قراردیتے ہوئے کہا کہ میں یقین رکھتی ہوں کہ حضرت رضا(ع) ضرور ہماری شفاعت فرمائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛  روس کے شہر سورگٹ سیبری سے تعلق رکھنے والی خاتون گوہر مہر علی اوف نے جو کہ قرآن کریم کی قار ی  اور استاد بھی ہیں اپنے تاثرات  بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سے میری دلی خواہش تھی کہ میرا شمار بھی ان افراد میں ہو جو اس نورانی بارگاہ کی زیارت کے لئے حاضر ہوتے ہیں تاکہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام سے بغیر کسی واسطے  کے  اپنے دل کی بات کہہ سکوں ۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آج ہمارے دل پہلے کی نسبت زیادہ معنوی ہیں تو یہ سب حضرت امام  رضا علیہ السلام کی عنایات ہیں،میری ہمیشہ سے دلی خواہش تھی کہ میرے بیٹے اہلبیت علیہم السلام خاص طور پر حضرت امام علی رضا علیہ السلام سے مانوس  ہوں کیونکہ میں اس بات پر مکمل یقین رکھتی ہوں کہ دعا کی قبولیت کا مطمئن ترین اور نزدیک ترین راستہ معصومین علیہم السلام کی زیارت ہے۔

اس روسی مسلم خاتون نے چھ یتیم عیسائی بچوں کی  اپنے دامن میں پرورش کرکے  انہيں مسلمان کیا ہے    اس سلسلے میں وہ کہتی  ہیں کہ میرے اپنے دو بیٹوں کے علاوہ خداوند متعال نے مجھے چھ اور بیٹے بھی عطا فرمائے جو کہ بڑے ہو کر اپنی مرضی سے مسلمان اور شیعہ ہو ئے   اور  جنہوں نے مطالعہ اور تحقیق کے بعد  دین اسلام قبول کیا ہے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ میرے بیٹوں کے  مسلمان ہونے میں خداوند کریم کی مرضی شامل تھی، ان کا کہنا تھا    کہ جب ہم سب پہلی بار حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں داخل ہوئے تو حرم کے معنوی و روحانی ماحول سے بہت زیادہ متأثر ہوئے آنکھوں سے اشک بہنا شروع ہوگئے اور ہم  سب نے سجدہ  شکر کیاکہ    آج ہمیں امام رؤف کی زیارت نصیب ہوئی ہے ۔

قرآنی علوم میں سرگرم روس کی  مسلم خاتون کا کہنا تھا کہ خداوند متعال بہت زیادہ بخشنے والا اور رحمٰن و رحیم ہے اور میں یقین رکھتی ہوں کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام ضرور ہماری شفاعت فرمائیں گے اور ہماری زیارت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائیں گے اور ان شاء اللہ مشہد سے خالی ہاتھ واپس نہیں جائیں گے۔

 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .