حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجت الاسلام والمسلمین الحاج محمد ابو القاسم نے حوزہ نیوز ایجنسی کی خبر نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ان تمام مومنین اور مومنات کو چاہئیے کہ وہ عرفہ کے دن کی روحانی فرصت سے استفادہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے حق میں دعا کریں اور اس اہم دن کے موقع سید الشہداء علیہ السلام کا واسطہ دے کر خدا کے حضور کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کے برطرف ہونے کے لیے دعا کریں۔
انہوں نے مزید کہا: امام سجاد علیہ السلام نے ایک جگہ فرمایا ہے کہ روز عرفہ ایسا دن ہے کہ جس میں صرف خدا کی پناہ حاصل کرنی چاہیے اور باری تعالی سے اپنی حاجت مانگنی چاہیے۔ یہ دن بہت زیادہ بافضیلت اور باعظمت ہے۔ اس دن کے غروب کے وقت دعای عرفہ امام حسین علیہ السلام پڑھنی چاہیے۔
دینی علوم کے استاد نے کہا: عرفہ کے دن ائمہ اطہار علیہم السلام اور ہمارے بزرگ علماء صحرا ئے عرفات یا دوسرے مقامات پر خداوند متعال سے دعا اور مناجات میں مشغول ہوتے تھے اور اس دن سید الشہداء علیہ السلام نے صحرای عرفات میں دعا عرفہ پڑھی۔
انہوں نے کہا: البتہ اس سال کرونا کی وجہ سے لوگوں کو اقتصادی اور دیگر مشکلات کے ساتھ ساتھ اس دعا کو بڑے اجتماعات میں خاص قسم کی معنوی کیفیت کے ساتھ پڑھنے کی فرصت میسر نہیں ہے لیکن اس کے باوجود لوگوں کو اس دعا کے پڑھنے کی اہمیت سے غافل نہیں رہنا چاہئے۔ کیونکہ روحانی سکون حاصل کرنے، مشکلات کے حل کے لئے اور خدا سے دعا اور مناجات کرنے کے لیے عرفہ سے بہتر کوئی اور دن نہیں ہے۔