۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
فلم "The Lady of Heaven" عالمی شیطانی سازش کا حصہ

حوزہ/ شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کہا کہ مذکورہ فلم کے حوالے سے ایران اور نجف کے مراجع عظام بالخصوص مرجع بزرگ آیت اللہ مکارم شیرازی نے اس کی پروڈکشن کو ایک شیطانی عمل قرار دیتے ہوئے تمام اہل ایمان کو اس بات کی طرف متنبہ کیاہے کہ اس فلم میں دکھائے جانے والے مناظر کامذہب تشیع کے عقائد سے کوئی ربط نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں نے برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6کے پروردہ یاسر الحبیب کی جانب سے سیدہ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے نام پر بنائی گئ ایک سازشی فلم (Lady of Heaven)کو عالمی شیطانی سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے امت مسلمہ کو اس سازش سے خبردار کیاہے ۔

ایک پریس بیان میں فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ مولانا سید مختار حسین جعفری، صدر عاشق حسین خان، مولانا سید کرامت حسین جعفری،مولانامحمد کوثر جعفری،مولانا زوار حسین جعفری،مولانا عابد حسین جعفری،مولانا سید کرار حسین جعفری،مولانا سید ظہور حسین،مولانا سید انعام حسین، مولانا سید نذیر حسین فیڈریشن کے دیگر ارکان نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ اس فلم کو دیکھنے یا اس میں پیش کردہ مناظر کو شیعہ عقائد کا حصہ نہ سمجھاجائے۔

انہوں نے کہاکہ یاسر الحبیب کے شیطانی چینل فدک ٹی وی پر ایک عرصہ سے اس فلم کے اشتہارات اوراس کو بنانے میں مدد کرنے کی گزارشات چل رہی ہیں اور بالآخر ایام فاطمیہ کے روحانی و معنوی موقعہ پر اس نے اپنی اس شیطانی سازش کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اس فلم کو ریلیز کا اعلان کیاہے۔

انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب تمام اسلام دشمن طاقتیں یک جاہوکر غاصب اور غیر قانونی اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے مجرمانہ اقدامات کو انجام دے رہی ہیں وہیں یاسر الحبیب جیسے استعماری کارندے امریکی ڈالر کا حق ادا کرتے ہوئے امت مسلمہ میں تقسیم درتقسیم کے ذریعہ اہل تشیع و اہل سنت میں اختلافات پیدا کرنے کے درپے ہیں۔

مزید کہاکہ اس فلم کی پروڈکشن اوراس کی ریلیز میں خرچ ہونے والی خطیر رقم کسی ایک انسان کے بس کی بات نہیں ہے بلکہ یہ مسلمان ممالک سے لوٹی ہوئی دولت ہے کہ جسے امریکہ اسلام کے خلاف استعمال کرتاہے اور یاسر حبیب جیسے لوگ اس فعل قبیح میں اسلام دشمن طاقتوں کا ساتھ دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فلم کے حوالے سے ایران اور نجف کے مراجع عظام بالخصوص مرجع بزرگ آیت اللہ مکارم شیرازی نے اس کی پروڈکشن کو ایک شیطانی عمل قرار دیتے ہوئے تمام اہل ایمان کو اس بات کی طرف متنبہ کیاہے کہ اس فلم میں دکھائے جانے والے مناظر کامذہب تشیع کے عقائد سے کوئی ربط نہیں ہے کیونکہ مذہب تشیع تمام اسلاامی مقدسات کی توہین کو حرام سمجھتاہے اور اسلامی مقدسات کی توہین کرنے والے افراد کو مجرم اور قابل سزاسمجھتاہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت امت مسلمہ میں وحدت و اتحاد کا ہونا ضروری ہے اوراس فلم کے جواب میں امت مسلمہ وحدت کا مظاہرہ کرکے دشمن کے تمام عزائم کوناکام بناسکتی ہے۔

آخر میں کہاکہ تمام مذاہب اسلامی متحد ہوکر اس سازشی عمل کی تنقید کریں اور اسے کالعدم قرار دیں تاکہ اس شیطانی عمل سے پیدا ہونے والے کسی بھی ممکنہ خطرے سے امت مسلمہ کو محفوظ رکھاجاسکے نیز یاسر حبیب جیسے افراد کو شیعہ رہما نہ سمجھیں ااوراس کی طرف سے جاری ہونے والے کسی بھی مواد کو مذہب تشیع یا علمائے تشیع کاعقیدہ نہ سمجھیں کیونکہ یاسر حبیب اوراس کے ساتھی کئی سال سے امت مسلمہ میں تفریق و اختلاف ایجاد کرنے کے استعماری ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .