۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
یوم شہادت امام جعفر صادق (ع) اور رہبر کبیر کی برسی کی مناسبتوں پر پیروان ولایت کے زیر اہتمام محفل مذاکرہ کا انعقاد

حوزہ/ائمہ معصومین کی قیادت ایک ایسی مثالی قیادت ہے جہاں بھول چوک کی کوئی گنجائش نہیں لہذا ہمیں چاہئے کہ اس قیادت کو اپنا رول ماڈل بنائیں تاکہ ہم گمراہی سے بچ جائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،یوم ولادت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام و رہبر کبیر حضرت امام خمینی (رح) کی 32 ویں برسی کی مناسبت پر پیروان ولایت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام ایک محفل مذاکرہ کا انعقاد ہوا جس میں کورونا گائیڈ لائنز کی رعایت کرتے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔

محفل مذاکرہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت سید جاوید حسین کو حاصل ہوئی محفل مذاکرہ میں پیروان ولایت کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت طیبہ اور امام راحل حضرت امام خمینی کی مجاہدانہ زندگی کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا۔

مولانا صوفی نے کہا کہ امام جعفر نے علم کے گہوارے اور منبع و مرکز میں پرورش پائی اور علوم و فنون کے سرچشمہ کے طور پر ابھرے انہوں نے کہا کہ ان عظیم المرتبت ہستیوں کا عالم بشریت بالخصوص امت مسلمہ پر احسان ہے جنہوں نے علوم اسلامی کی ترویج کے لئے سخت ترین مشکلات اور اذیتوں کا سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ائمہ معصومین کی قیادت ایک ایسی مثالی قیادت ہے جہاں بھول چوک کی کوئی گنجائش نہیں لہذا ہمیں چاہئے کہ اس قیادت کو اپنا رول ماڈل بنائیں تاکہ ہم گمراہی سے بچ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے اسی قیادت کو اپنا راہ عمل بنا کر ایک ایسے انقلاب کو جنم دیا جس سے دنیا بھر کے طاقتور اور مورثی سیاستدان انگشت بہ دنداں رہ گئے ۔

اس موقعہ پر تنظیم کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت راہ نجات ہے جب تک آپ کی تعلیمات سے روگردانی کی جائے گی تب تک کرہ ارض پر گھٹا ٹوپ اندھیرا چھایا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت پر عمل پیرا ہوجائیں تاکہ ہمیں بغیر کسی کے جھنڈے تلے تمام اجتماعی و انفرادی مسائل حل ہو جائیں ۔

مولانا نے رہبر کبیر حضرت امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ایک تاریخ ساز شخصیت ہے جس نے اپنی مدبرانہ تدبیر سے سامراج کے دانت کھٹے کردئے انہوں نے کہا کہ کہ امام خمینی نے خالص اسلامی اصولوں کی بنیاد پر سرزمین ایران پر نظام الہٰی قائم کی اور ظلم و بربریت پر مبنی طویل شہنشاہیت کا خاتمہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ  ملعون پہلوی نے بھی یزید ملعون کی طرح اسلام ناب محمدی (ص) میں بدعات و خرافات کو جنم دیا تھا اور اسلامی تہذیب وتمدن کی جگہ مغربی تہذیب وتمدن کو فروغ دے رہا تھا لیکن امام خمینی  امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیرو بن کر اٹھے جنہوں نے شجاعت و بہادری کے ساتھ اس بدعت کو جڑ سے اکھاڑ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی اتحاد اسلامی کے عظیم داعی تھے جنہوں نے حیات اقدس کے آخری سانس تک لا شرقیہ و لاغر بیہ اسلامیہ اسلامیہ کو عملی جامہ پہنایا۔

مولانا قمی نے کہا کہ چار دہائیوں گزر جانے کے بعد بھی انقلاب اسلامی ایران کامیابی و کامرانی کے ساتھ رواں دواں ہے اور انقلاب کا سب سے بڑا پیغام واعتصمو بحبل اللہ جمیعا ولا تفرقو ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حالیہ شکست انقلاب اسلامی کا ثمرہ ہے اور یہ انقلاب مستقبل میں بھی قائد انقلاب حضرت امام خامنہ ای کی قیادت میں دشمنان اسلام خاص طور پر شیطان بزرگ امریکہ اور اس کے ناجائز اولاد اسرائیل کے لئے تباہی و بربادی کا سبب بن جائے گا۔

یوم شہادت امام جعفر صادق (ع) اور رہبر کبیر کی برسی کی مناسبتوں پر پیروان ولایت کے زیر اہتمام محفل مذاکرہ کا انعقاد

تبصرہ ارسال

You are replying to: .