۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
اہلیان سولجر بازار کمیٹی اور اسکاوٹس نمائندگان کا مشترکہ اجلاس،پہلے عشرے کے علاقائی مسائل کا جائزہ

حوزہ/ غلط پارکنگ، بے جا روڈ بلاک کرنا، اہلسنت سے اچھے رویے کی ضرورت، دوران مجلس سبیلوں پر قطاریں، سیکیورٹی، اہل محلہ اور بلڈنگ والوں کے مسائل سمیت دیگر معاملات پر گفتگو، کمیٹی نے جلوس عزا کے 12 انٹری پوائنٹس پر عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ اہلیان سولجر بازار کمیٹی اور اسکاوٹس نمائندگان کا مشترکہ اجلاس وحدت ہاوس صوبائی دفتر ایم ڈبلیو ایم سولجر بازار میں منعقد ہوا۔اس موقع پر سولجر بازار میں عشرہ اول کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی نے سولجر بازار سے جلوس عزا جانے والے 12پوائنٹس پر عوام کو پیش آنے والی مشکلات کی نشاندہی کی اور کہا کہ عوام کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کوششیں کی جانی چاہیئے ۔

اس موقع پر اسکاءوٹس نمائندگان نے دوران سیکیورٹی علاقے میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سولجر بازار میں مشترکہ کمیٹی کا قیام خوش آئند عمل ہے ۔ اجلاس میں پہلے عشرے کے دوران غلط پارکنگ، بے جاروڈ بلاک کرنا، اہلسنت سے مزید اچھے رویے کی ضرورت ،دوران مجالس سبیلوں میں لمبی قطاریں ،سیکیورٹی ،اہل محلہ اور بلڈنگ والوں کے مسائل سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی ۔ اجلاس میں تجویز سامنے آئی کہ بریٹوو روڈ اور ملحقہ علاقوں کی بلڈنگوں سے رابطہ کار کا سلسلہ بنایا جائے جو ایام عزا اور دوسرے مواقع پر منتظمین سے تعاون قائم رکھے اور اس طرح مزید بہتر طریقے سے معاملات کو کنٹرول کیا جائے۔

اس موقع پر اہلیان سولجر بازار کمیٹی نے اسکاءوٹس کی کوششوں کو سراہا ۔ اسکائوٹس نمائندگان نے علاقے میں کمیٹی کے قیام کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی سے معاملات بہتر طریقے سے آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ اس دوران دونوں جانب سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں اسکاءوٹس رابطہ کونسل ،الخدام اسکاءوٹس،پاک قاسمی گارڈز ،الحیدر اسکاءوٹس،شیعہ علماء کونسل ،پاک محرم ایسو سی ایشن ،مجلس وحدت مسلمین ،خراسان علم کمیٹی ،دعا کمیٹی سولجر بازار اور اہلیان سولجر بازار کمیٹی کے ارکان شریک تھے ۔

اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما برادر ناصر حسینی ،کراچی ڈویژن کے رہنما برادر شبیر حسینی اور ضلع جنوبی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری برادر رضوان پنجوانی ،سابق ڈپٹی ضلعی سیکریٹری برادر عباس علی ،ضلع جنوبی کے ارکان برادر سرمد کاظمی اور برادر نوشاد نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .