۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
قم المقدسہ میں طلاب حوزہ علمیہ قم پاکستان کے نمائندگان کا اجلاس

حوزہ/ اجلاس میں سانحہ مچھ کی بھرپور مذمت کی گئی اور اس بات کا اظہار کیا گیا کہ اس ظلم و بربریت آمیز واقعہ نے تمام پاکستانیوں کے دلوں کو سوگوار کر دیا ہے اور حوزہ علمیہ قم کے طلاب کے درمیان اس واقعہ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 6 جنوری، 2020 ؁کو قم المقدسہ میں طلاب حوزہ علمیہ قم پاکستان کے نمائندگان کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سانحہ مچھ کی بھرپور مذمت کی گئی اور اس بات کا اظہار کیا گیا کہ اس ظلم و بربریت آمیز واقعہ نے تمام پاکستانیوں کے دلوں کو سوگوار کر دیا ہے اور حوزہ علمیہ قم کے طلاب کے درمیان  اس واقعہ پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

اجلاس میں  شہداء کے لواحقین کے مطالبات کی بھرپور حمایت اور تائید کا اعلان کیا گیا اور وزیر اعظم پاکستان سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ یہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کی انسانی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے کہ وہ فی الفور کوئٹہ جائیں اور شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کریں اور ان کے مطالبات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

اجلاس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ظلم و بربریت کی یہ منفرد داستان پاکستان میں دہشتگردی کی نئی لہر کا آغاز ہے، جس پر ریاستِ پاکستان کو فوری طور پر متوجہ ہونا چاہیے۔ ملک کے ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت ریاستِ پاکستان کی ذمہ داری ہے۔

ملکِ پاکستان میں داعش جیسی انسانیت دشمن تنظیم کے وجود سے متعلق پاکستانیوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ملک پاکستان اب مزید کسی دہشتگردی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

سیکورٹی ادارے اس واقعے میں ملوث خارجی اور داخلی عوامل کی نشاندہی کریں، ان کے خلاف فوری کاروائی کی جائے اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اجلاس میں شرکت کرنے والی تنظیمیں اور ادارے

1. طلاب کوئٹہ ، مقیم حوزہ علمیہ قم

2. دفتر قائد ملت جعفریہ، قم

3. مجلس وحدت مسلمین پاکستان، قم

4. جامعہ روحانیت بلتستان

5. جامعہ روحانیت گلگت

6. جامعہ روحانیت سندھ

7. جامعہ روحانیت بلوچستان

8. جامعہ روحانیت خیبرپختونخواہ

9. طلاب کراچی، مقیم حوزہ علمیہ قم

10. جامعہ بعثت پاکستان، شعبہ قم

تبصرہ ارسال

You are replying to: .