حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ ہائے علمیہ ایران، آیت اللہ علی رضا اعرافی نے دنیا کے مسیحی رہنماؤں کو علیحدہ خطوط میں حضرت عیسی مسیح (ع) کی ولادت با سعادت اور نئے سال کے آغاز پر مبارکباد پیش کی ہے۔
حضرت عیسیٰ مسیح علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور نئے میلادی سال کے آغاز کی مناسبت سے، حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے دنیا کے مسیحی رہنماؤں کو ایک مبارکبادی خط ارسال کیا ہے۔
یہ تبریک نامہ، مسیحیت کے عالمی پوپ فرانسس سمیت دیگر ممالک کے عیسائی پیشواؤں اور رہنماؤں کے نام بھیجاگیا ہے۔
ان خطوط میں، حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت با سعادت اور نئے سال کے آغاز کی مبارکباد کے علاوہ، ادیان آسمانی کے پیروکاروں کے مابین باہمی روابط، اتحاد اور یکجہتی کے لئے گفت و شنید کی ضرورت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے ان خطوط میں، ادیان الہی کے رہنماؤں سے عالمی بحرانوں اور مشکلات پر قابو پانے، الحاد کے پھیلاؤ، مقدسات آسمانی اور انبیاء الہی کی توہین کی روک تھام کے لئے مؤثر اور نمایاں کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔