۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
کرگل میں یوم فات رسول (ص) جلوس و مجلس کا انعقاد

حوزہ/ شیخ لطفی نے معاشرے میں پنپتی ہوئی بدعتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لوگوں کو شادی بیاہ جیسے رسومات میں دوسرے قوموں کی دیکھا دیکھی اور  اسلامی آداب کے منافی بے جا اسراف سے اجتناب کرنے پر زور دیا جو اسوہ رسول کے بھی منافی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ضلع کرگل میں بھی رسول گرامی اسلام ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی وفات اور ان کے نواسے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی یوم شہادت کے مناسبت سے بڑے ہی مذہبی و عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد کرگل میں ہوا، جہاں سے امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے بینر تلے جلوس عزا برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عاشقان نبوت و امامت نے شرکت کی۔

تصویری جھلکیاں: کرگل میں یوم فات رسول (ص) و شہادت امام حسن (ع) پر جلوس و مجلس میں عزاداروں کا جمع غفیر

عزادار اپنے ہاتھوں میں سیاہ پرچم لیے ہوئے محو غم اور پر نم آنکھوں کے ساتھ نوحہ خوانی و سینہ زنی کر رہے تھے۔ جلوس میں عزاداروں کے ساتھ کثیر تعداد میں علماء بھی شریک تھے۔ یہ جلوس کرگل کے مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے خمینی چوک پہنچا جہاں پر عزاداروں نے لبیک یارسول اللہ، امریکا مردہ باد، اور اسرائیل و برطانیہ جیسے مستکبرین کے خلاف جبکہ یمنی و فلسطینی عوام کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کرنے کے علاوہ ولایت فقیہ سے اظہار عقیدت کے نعرے بلند کیے۔

جلوس مرکزی بازار سے ہوتے ہوئے حسینی پارک پہنچے جہاں پر سابقہ چیرمین موسسہ و ممبر نگران کونسل امام خمینی میموریل ٹرسٹ حجت الاسلام شیخ محمد حسین لطفی نے عزاداروں سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اخلاق حسنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں سے ان کی سیرت پر عمل کرنے کی تاکید کی۔

شیخ لطفی نے معاشرے میں پنپتی ہوئی بدعتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لوگوں کو شادی بیاہ جیسے رسومات میں دوسرے قوموں کی دیکھا دیکھی اور  اسلامی آداب کے منافی بے جا اسراف سے اجتناب کرنے پر زور دیا جو اسوہ رسول کے بھی منافی ہے۔انہوں نے جلوس کے دوران دکانیں بند رکھنے کے لیے دکانداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ضلع میں موجود عوامی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے عرصے سے احتجاج کر رہے ڈیلی ویجرز اور کیجول مزدوروں کو جلد از جلد مستقل کرنے پر زور دیا۔ خطبے کے آخر پر انہوں نے حالیہ دنوں نماز جمعہ اور جامع مسجد میں نماز گزاری کے ضمن میں کچھ حلقوں کے بیانات کی تناظر میں تمام حقائق پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

وائس چیرمین موسسہ حجت الاسلام شیخ بشیر شاکر نے جلوس میں شریک عزاداروں، منتظمین، بسیج امام کے جوانوں، میڈیا اور علماء کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد اجتماعی نعرہ اور دعاے خیر کے ساتھ جلوس کا اختتام ہوا۔ اسی طرح کی ایک مجلس قبل از نماز ظہرین خواتین کے لیے مخصوص زینبیہ کمپلیکس حیدریہ کالونی میں برگزار ہوئی جس میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی اور نماز ظہرین با جماعت ادا کیا۔ 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .