۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
خانہ کعبہ

حوزہ/ سعودی عرب میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ڈیڑھ برس سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اس حوالے سے عائد تمام پابندیاں اور رکاوٹیں ختم کرنے کے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نمازِ فجر ادا کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،گزشتہ روز سعودی عرب نے کورونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کو 17 اکتوبر سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخلے کی اجازت دینے اور حرمین شریفین کو بغیر کسی پابندی کے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد گزشتہ شب سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگائے گئے بیریئرز بھی ہٹا دیے۔

اس سے قبل سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ احتیاطی تدابیر میں نرمی لاتے ہوئے اور مکمل گنجائش کے ساتھ حرمین شریفین کھولنے کے حالیہ اعلان کے تناظر میں مسجد الحرام کی اندرونی و بیرونی راہداریوں سمیت مختلف مقامات سے سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے نصب کی گئی علامتیں ہٹادی گئیں۔

علاوہ ازیں حرمین شریفن کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر مسجد الحرام میں خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگے بیریئر ہٹائے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے متعلق پابندیاں کو ڈیڑھ برس سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد 17 اکتوبر کی صبح مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادا کی گئی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .