۱۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۶ شوال ۱۴۴۵ | May 5, 2024
مولانا ڈاکٹر حسن کمیلی

حوزہ/اس وقت ایسے لوگوں کی بڑی تعداد ہے جن کے پاس کھانے پینے کی اشیاء کی قلّت ہے۔ معزز لوگوں کو چاہیے کہ اپنے سے پہلے ایسے ضرورتمندوں کا خیال رکھیں اور ان کی مدد کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امروہہ/مولانا ڈاکٹر حسن کمیلی نے کہا کہ کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے ساتھیوں کی شہادت کی بدولت ہی آج اسلام زندہ ہے۔ نانا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دین ہمیں انسانیت کی حفاظت اور خدمت کا درس دیتا ہے۔

شہناز فاطمہ بنت وصی مرتضی کی برسی کے موقع پر محلّہ دربار شاہ ولایت لکڑہ میں واقع عزا خانہ حسینیہ میں مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ سوزخوانی حسن امام اور ہمنوا نے کی۔ مجلس میں مولانا نے کہا کہ ۱۴۰۰سال قبل یزیدی حکومت نے امام حسینؑ اور ان کے اہل خانہ پر جو ظلم ڈھائے تھے اس نے پوری انسانیت کو شرمسار کردیا تھا۔

مولانا موصوف نے کہا، حق و مظلوم کی حمایت کے لیے امام حسین علیہ السلام اور آپؑ کے اہل خانہ کے سر قلم کیے اور شہید ہوئے لیکن اسلام کے پرچم کو جھکنے نہیں دیا۔ انھوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ اسلام کی ایک اور تصویر دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں ہمیں ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

مولانا نے بیان کیا، اسلام نے ہمیشہ انسانیت کو بچانے اور لوگوں کی مدد کرنے کا درس دیا ہے، بے گناہوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں۔ اسلام حق کا پیغام دیتا ہے۔

خاص طور پر مولانا نے انسانیت کی مدد کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت ایسے لوگوں کی بڑی تعداد ہے جن کے پاس کھانے پینے کی اشیاء کی قلّت ہے۔ معزز لوگوں کو چاہیے کہ اپنے سے پہلے ایسے ضرورتمندوں کا خیال رکھیں اور ان کی مدد کریں۔ یہ عمل ایک بہتر عمل ہے اس طرف لوگوں کو بیدار کرنا بہت ضروری ہے۔ رضا ممتاز، شمیم حسن، ولایت علی، علی عباس حسین، ڈاکٹر مبارک امروہوی، اقبال حسین، خورشید حسین، محمد نقی، شباب حسین، فرحان حیدر، سہیل مرتضیٰ اور سراج مہدی اس مجلس میں موجود رہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .