۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
محفوظ مشہدی

حوزہ/ سیالکوٹ کے واقعہ نے پاکستان کو عالمی سطح پر شرمندہ کیا ہے۔ حکومت مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/جمعیت علماء پاکستان (سواد اعظم) کے مرکزی صدر مولانا سید محمد محفوظ مشہدی اور سیکرٹری جنرل پیر سید محمد اقبال شاہ نے سیالکوٹ سانحہ کو حکومت اور اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماورائے عدالت ناحق قتل قابل مذمت ہے ۔ حکومت اور ریاستی ادارے انتہاپسندگروہوں کو لگام دینے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اگر بروقت اقدامات کرلئے جاتے تو ایسے حالات پیدا نہ ہوتے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعات کے محرکات کی تحقیقات کے ساتھ ریاستی اداروں کی ناکامی کی بھی تحقیقات ہونی چاہیئں کہ پولیس کی موجودگی میں ہجوم ایک غیر ملکی مہمان کو قتل کرنے میں کیسے کامیاب ہو ؟ آگ لگاکر اس کی لاش کی بے حرمتی کی گئی۔ جس کی اسلام کسی صورت اجازت نہیں دیتا۔

جے یو پی کے مرکزی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو میں مولانا محفوظ مشہدی نے واضح کیا کہ اسلام میں کسی کو ناحق قتل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور سب سے بڑا ظلم یہ ہوا کہ غلط افواہ پر توہین مذہب کا الزام عائد کیا گیا ۔ بغیر ثبوت کے کسی کو قتل نہیں کیا جاسکتا ۔ جب عدالتی راستہ اختیار کرنے کی بجائے قانون کو ہاتھ میں لیا جاتا ہے تو سیالکوٹ فیکٹری جیسے غیر انسانی واقعات ہوتے ہیں جو ملک کے ساتھ مذہب کی بدنامی کا بھی باعث بنتے ہیں ۔ یہ واقعہ بہت خوفناک ہے ۔ اس واقعے نے پاکستان کو عالمی سطح پر شرمندہ کیا ہے۔ حکومت مجرموں کو قرار واقعی سزا دے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .