۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں محفل قرآنی کا انعقاد

حوزہ/ سرکار ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم بعثت کے موقع پر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں محفل قرآنی منعقد ہوئی۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ سرکار ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم بعثت کے موقع پر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں محفل قرآنی منعقد ہوئی۔

اولاً طلاب جامعہ امامیہ مولوی علی رضا، مولوی محمد تقی اور مولوی سہیل مرزا نے آیات قرآنی کی تلاوت کی۔بعدہ مولانا سید منہال حیدر زیدی مبلغ و استاد جامعہ امامیہ نے اپنی تقریر میں محفل قرآنی کے اغراض و مقاصد اورفوائد پر روشنی ڈالی۔

مولوی عامر عباس اور مولوی علی محمد نقوی نے بارگاہ رسالتؐ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا اورمولوی میثم رضا متعلم جامعہ امامیہ نے ’’اہداف بعثت‘‘ کے عنوان سے مقالہ پیش کیا۔

مولوی حیات رضا متعلم جامعہ امامیہ نے قرآن کریم کے ابتدائی تین (۱،۲،۳) پاروں کے حفظ کا مظاہرہ پیش کیا۔ مولوی مدثر عباس متعلم جامعہ امامیہ نے قرآن کریم کے آخری چار (۲۷، ۲۸، ۲۹، ۳۰) پاروں کے حفظ کا مظاہرہ پیش کیا اور مولوی مہدی المحسن متعلم جامعہ امامیہ نے کل قرآن کریم کے حفظ کا مظاہرہ پیش کیا۔

مولوی حسن عباس مبلغ جامعہ امامیہ نے ’’بعثت رسولؐ اور قیام امام حسینؑ‘‘ کے عنوان پر تقریر کی اور مولوی محمد صادق مبلغ جامعہ امامیہ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔

آخر میں اساتذہ جامعہ امامیہ کےذریعہ مذکورہ طلاب کی خدمت میں ادارہ تنظیم المکاتب کی جدید طبع شدہ کتاب ’’پیارے نبیؐ کے پیارے قصے‘‘ بطور تحفہ پیش کی گئی۔

واضح رہے کہ سربراہ تنظیم المکاتب مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ کے زیر نگرانی تین دہائیوں سے جامعہ امامیہ میں طلاب کے لئے قرآن کریم کے حفظ و قرأت کے خصوصی کلاسز منعقد ہو رہے ہیں ۔جنمیں طلاب کو قرآن کریم کے حفظ و قرأت، تجوید، روخوانی اور روانخوانی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ الحمد للہ اب تک دسیوں طلاب حصول تعلیم کے بعد بحیثیت حافظ و قاری ملک و بیرون ملک میں خدمت قرآن و اہلبیتؑ میں مصروف ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .