حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جامعہ عروة الوثقی میں شب بعثت رسول(ص) کی مناسبت سے محفل قرآت کا اہتمام کیا گیا۔ محفل میں ملکی و غیر ملکی قاری حضرات نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی مسجد بیت العتیق میں ہونے والی محفل میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ملکی و غیر ملکی قاری حضرات نے شرکت کی۔
تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے محفل کی صدارت کی، جبکہ اس موقع پر چیئرمین کُل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم، جنرل سیکرٹری علماء و مشائخ رابطہ کونسل پیر برھان الدین عثمانی اور ڈائریکٹر انٹر فیتھ منہاج القرآن سہیل رضا قادری صاحب بھی شریک ہوئے۔ جمہوریہ مصر سے قاری محمد کامل، قاری احمد مصطفیٰ الجندی، قاری محمود کمال النجار، قاری محمود حسین عاشور، صالح علی حسن سمیت قاری محمد ابراہیم کاسی، قاری سکندر سلطانی، قاری جواد باہر اور قاری سید خالد حمید کاظمی نے شرکت کی۔ قراء کرام نے قرآن پاک کی تلاوت سے شرکا کے دلوں کو منور کیا۔
علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ تمسک قرآن کامیابی کی سیڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کتاب ہدایت ہے، مگر افسوس کہ امت نے اس کتاب سے استفادہ نہیں کیا، ہدایت لینے کی بجائے ہم نے قرآن کو غلاف میں لپیٹ کر الماریوں میں سجا دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت کے تمام مسائل کا حل قرآن کریم میں موجود ہے۔