۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ/ مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ انسان جس راستے سے واقف نہیں ہوتا تو اسے کوئی بھی غلط راستہ بتا کر بھٹکا سکتا ہے ۔ اسی طرح اگر ہم نے دین حاصل نہیں کیا تو کوئی بھی غلط بات بتا کر گمراہ کر سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابقلکھنؤ/ شہر عزا لکھنؤ کے قدیمی حسینیہ کالا امام باڑہ کی مسجد میں نماز عید الفطر با جماعت قائم ہوئی۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی امام جماعت مسجد کالا امام باڑہ نے خطبہ عید دیتے ہوئے بیان کیا کہ ماہ خدا ماہ رمضان ،برکت ، رحمت اور مغفرت کا مہینہ ہم سے رخصت ہو گیا لیکن ہمارا پروردگار حی و قیوم ہے۔ معبود کے گھر مسجد کا دروازہ جس طرح ماہ رمضان میں ہمارے لئے کھلا تھا اسی طرح ماہ رمضان کے بعد بھی کھلا ہے تا کہ ہم یہاں آئیں ، اسکی عبادت کریں ، اسکی بارگاہ میں دعا کریں ۔ روایت میں ہے کہ مسجد میں بیٹھنا جنت میں بیٹھنے سے افضل ہے کیوں کہ مسجد میں بیٹھنے سے معبود کی رضا حاصل ہوتی ہے۔ یہ مسجدیں ہمارے لئے مرکز ہدایت ہیں ۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے فطرے کے احکام کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ خمس ہو، زکات ہو یا فطرہ ہو ، اسے ادا کر کے ہم اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہیں اور جس مستحق کو دیتے ہیں اس پر احسان نہیں کرتے بلکہ اس کا احسان ہے کہ وہ حکم خدا کی ادائیگی میں ہماری مدد کرتا ہے۔ لہذا ہمیں شرعی رقوم کی ادائیگی کے بعد سامنے والے سے شکریہ کی توقع نہیں کرنی چاہئیے بلکہ خدا کا شکر ادا کرنا چاہئیے کہ اس نے ہمیں اپنی بندگی اور اطاعت کی توفیق دی۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ انسان جس راستے سے واقف نہیں ہوتا تو اسے کوئی بھی غلط راستہ بتا کر بھٹکا سکتا ہے ۔ اسی طرح اگر ہم نے دین حاصل نہیں کیا تو کوئی بھی غلط بات بتا کر گمراہ کر سکتا ہے، جیسا کہ ہو بھی رہا ہے کہ بعض لوگ اپنی مرضی کو دین بتا کر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں ، کوئی من گھڑت اور غیر معتبر مطالب بیان کر کے عقائد کو کمزور کرتا ہے تو کوئی انسان کو اعمال سے دور کر دیتا ہے۔ جب کہ دونوں ایک دوسرے کے لئے ضروری ہیں عقائد کو اصول دین اور اعمال کو فروع دین کہتے ہیں اور یہ دونوں ہمارے لئے ضروری ہیں۔ لہذا دین سیکھیں تا کہ بے دین گمراہ نہ کر سکیں۔

واضح رہے کہ 1789 یا 1790 عیسوی میں نواب قیام جنگ مرزا قاسم علی خاں مرحوم نے کالا امام باڑہ کو تعمیر کرایا، جو وثیقہ آفس کے زیر نظر ہے اور محلہ پیر بخارہ کے مومنین پر مشتمل کالا امام باڑہ ریپیئر کمیٹی اس امام بارگاہ اور اسمیں موجود مسجد، روضوں اور گنج شہیداں کی خدمت انجام دے رہی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .