حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ادارہ معارف قرآن اور حسینی اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے باہمی تعاون سے نوجوانوں کے لیے 5 روزہ تعلیمی،تفریحی اور تربیتی ورکشاپ 20 سے 25 جون تک منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء کو عمر اور کلاس کے لحاظ سے مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔اس ورکشاپ میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے عقاید،اخلاق،احکام ،سیرت معصومین اور قرآن کلاسز کے علاؤہ مختلف دلچسپ اور مفید ایکٹیویٹیز اور گیمز بھی رکھی گئیں ،نوجوانوں نے اس ورکشاپ کے پروگراموں کو سراہتے ہوئے آئندہ سال بھی بھرپور انداز سے شرکت کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
استاد حوزہ شیخ فدا علی حلیمی نے جوانوں کی مشکلات اور راہ،مقصد زندگی،حقیقی دوست کا معیار اور نشے کی لعنت وبھیانک انجام اور نجات کے راہ پر گفتگو کی۔
دیگر اساتذہ میں ڈاکٹر سجاد نقو،ڈاکٹر یوسف جمالی،علی رضا جلوی نے مختلف موضوعات پر لیکچر دئیے۔
اس ورکشاپ کے اہداف یہ تھے۔
1: بچوں اور نوجوانوں کو علماء سے مربوط کرنا اور انکے درمیان گہرے دوستانہ روابط برقرار کرنا
2: نوجوانوں کےاعتقادی،اخلاقی اور تربیتی مسائل کا جواب اور حل
3: بچوں کی تربیت میں والدین کے ساتھ معاونت
4: بچوں اور نوجوانوں کو معارف دین سے آشنا اور مانوس کرنا
5: نظم و ضبط کی پابندی سکھانا
6: بچوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا