حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل کی طرف سے یہ مفت خدمت کا سلسلہ سورۃ مائدہ کی ۲۲ویں آیت مبارکہ "اور جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری عالم انسانیت کی جان بچائی" پر عمل کرتے ہوئے بغیر کسی رنگ، شکل، قوم یا مذہب کے گزشتہ گیارہ سال سے جاری ہے۔
گزشتہ روز، ولادت باسعادت حضرت فاطمه زہراء سلام اللہ علیہا کی پُر نور مناسبت سے آنکھوں کی اسکریننگ، آپریشن، موتیابند اور دانتوں کا چیک اپ کیمپ محلہ چندوارہ کمرہ، مظفرپور، بہار میں اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سید وصی جعفری نے کہا کہ امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل نے علم و ادب کا شہر مظفرپور کا انتخاب کیا، حافظ مولانا فرمان علی علیہ الرحمہ، مفسر قرآن، مولانا مفتی سید محمد عباس صاحب طاب ثراہ جو جن و انس میں یکساں مقبول تھے معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار رہا اور معروف شاعر اہلبیتؑ علامہ جمیل مظہری کو اس نیک کام کے ذریعے والہانہ خراج عقیدت پیش کیا جائے۔
ڈاکٹر وصی جعفری نے کہا کہ آئی کیمپ کے اہتمام میں ماہر و تجربہ کار ڈاکٹروں کی خدمت مہیا کرائی گئی۔ موسم ٹھنڈا ہونے کے باوجود کثیر تعداد میں مرد، خواتین، بچے اور بوڑھے سبھی قوم، ملت، برادری و فرقے سے لوگ تشریف لائے اور مستفیض ہوئے۔
میڈیکس انٹرنیشنل کے بانی و روحٍ رواں ڈاکٹر جعفری کا کہنا تھا کہ اتنے عرصے میں سینکڑوں شہروں و قصبوں میں طبی کیمپ کے ذریعے پچاس ہزار سے زیادہ مریضوں کا مفت علاج، اسکریننگ، آپریشنز اور دوائیاں فراہم کی گئی ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے اب اپنا ایمبولینس اور مستقل نرسنگ ہوم ہے جہاں یومیہ مریضوں کی تشخیص ہوتی ہے اور مفت ادویہ فراہم کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ سلسلہ ڈاکٹر سید وصی جعفری کی سرپرستی میں حسن و خوبیوں سے رواں و دواں ہے۔
ڈاکٹر جعفری کا کہنا ہے کہ رب کریم کے جود و کرم سے امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل، علی گڑھ کی جانب سے مجبور ونادار انسانوں کی خدمت کی جارہی ہے۔ مریضوں کی دلی دعا ہے کہ پروردگار ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور اس نیک کام کے عوض اجر عطاء فرمائے!