حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اتر پردیش کے علاقے سہارنپور،گاؤں تھیتکی میں ابتدائی دینی تعلیمی مدرسہ مکتب امامیہ ملحقہ ادارۂ تنظیم المکاتب لکھنؤ سے سال گزشتہ فارغ التحصیل ہونے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں مدرسے کے مینیجر سید غضنفر علی کی رہائش گاہ پر ایک جلسہ منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، پروگرام دعا سے شروع ہوا اور اس کے بعد، پروگرام میں موجود مولانا سید محمد سعید نے اپنی مختصر سی تقریر میں فارغ ہونے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے مدرسہ میں جو بھی دینی اور قرآنی تعلیم حاصل کی ہے اس کا اصلی فائدہ تب ہی ہے جب آپ اسے اپنی زندگی میں عملی طور پر اپنائیں اور قرآن مجید و تعلیمات آل محمد سے خود کو ہمیشہ وابستہ رکھیں اور نیک بن کر زندگی گزارنے کی کوشش کرتے رہیں۔
اس موقع پر مکتب امامیہ کے افسر مدرس مولانا سید شکوہ حیدر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اپنے مدرسے کو ہمیشہ یاد رکھنا اور آگے جیسے بھی ممکن ہو اسے مضبوط کرنے میں حصہ لیتے رہنا۔
آخر میں، مینیجر مکتب نے اظہارِ مسرت کے ساتھ بچوں کو آگے بھی اسی طرح کامیاب و کامران ہونے کی دعائیں دیں اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے فارغ ہونے والے طلبہ و طالبات کو درجہ پنجم کی سند سے نوازا۔
فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ وطالبات کے اسمائے گرامی مندرجہ ذیل ہیں:
سیدہ رباب زہرا
سیدہ مصباح الہدی
سیدہ مصباح زہرا
سیدہ کسا فاطمه
سید باسط اکبر
اس موقع پر نوحہ خوان سید علی سعید، انجمن سعیدیہ کے یوتھ ونگ انچارج سید عابد سعید، متولی سید محمد باقر اور سید محمد محلش کے علاوہ فارغ ہونے والے بچوں کے سر پرست حضرات میں سید میثم رضا، سید رضی حیدر، سید حسن محمد اور سید محمد علی موجود رہے۔ سب نے مولانا کی قدردانی کے ساتھ شکریہ ادا کیا اور بچوں کو دعائیں دیں۔ اس کے بعد مینیجر صاحب کی طرف سے ضیافت و پذیرائی کی گئی۔ یہ اطلاع سید حسن سعید نے دی۔