حوزہ نیوز ایجنسی| حجۃ الاسلام ظریفی نے ایک انٹرویو میں بچوں کے موبائل استعمال سے متعلق سوالات کا جواب دیا اور والدین کے لیے رہنما اصول پیش کیے۔
سوال:
کیا بچوں کو تفریح کے لیے موبائل دینا درست ہے؟ کون سی عمر مناسب؟
جواب:
حجتالاسلام ظریفی نے کہا کہ تین سال کی عمر تک بچوں کو موبائل سے دور رکھنا چاہیے، کیونکہ اس عمر میں ان کے دماغ کے خلیے بہت حساس اور تیزی سے بڑھ رہے ہوتے ہیں۔ موبائل کی روشنی اور شعاعیں ان کے دماغ کے خلیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بچوں کے دماغ میں موجود اربوں خلیوں میں سے تقریباً 50 فیصد تین سال کی عمر تک مکمل نشوونما نہیں پاتے، اور موبائل کے استعمال سے ان کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
تین سال کی عمر تک موبائل کے نقصانات:
انہوں نے کہا کہ دو سال سے کم عمر کے بچوں کو بالکل بھی موبائل کے قریب نہ جانے دیں۔ اگر کوئی بچہ ایک سال کی عمر میں موبائل پکڑ کر کارٹون دیکھے تو اس کا اثر اس کے دماغی نیورونز پر پڑے گا، جو شدید نقصان دہ ہے۔
موبائل کا محدود استعمال:
تین سال کے بعد، اگرچہ بہتر یہ ہے کہ بچوں کو موبائل نہ دیا جائے، لیکن اگر دینا ضروری ہو تو دن میں صرف 10 منٹ تک استعمال کرنے دیں، اور وہ بھی والدین کی سخت نگرانی کے ساتھ۔ اگر بچوں کو بلاوجہ کئی گھنٹوں تک موبائل استعمال کرنے دیا جائے تو یہ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
والدین کے لیے ہدایت:
حجتالاسلام ظریفی نے والدین کو تاکید کی کہ وہ بچوں کے موبائل استعمال پر قابو رکھیں۔ اگر بچہ والدین کو کمزور سمجھے تو وہ اپنی مرضی کرنے لگتا ہے۔ لہٰذا، اگر وقت مقررہ سے زیادہ موبائل استعمال کرے تو اس پر پابندی لگائیں اور اگلے دن موبائل نہ دیں۔
تعلیمی اور تفریحی مقاصد کے لیے:
انہوں نے کہا کہ اسکول جانے والے بچوں کو تعلیمی ضرورت کے تحت موبائل دیا جا سکتا ہے، لیکن زیادہ سے زیادہ روزانہ دو گھنٹے تک۔ یہ وقت تعلیم اور تفریح دونوں کے لیے کافی ہے۔
موبائل کے ذاتی استعمال کے لیے عمر کی حد:
حجتالاسلام ظریفی کے مطابق، ذاتی موبائل دینے کے لیے عمر کا کوئی مقررہ معیار نہیں ہے۔ یہ بچے کی جذباتی، عقلی اور سماجی بلوغت پر منحصر ہے۔ ایک 15 سالہ بچہ بھی اس کے لیے تیار ہو سکتا ہے، جبکہ بعض اوقات 35 یا 40 سالہ بالغ بھی اس کے لیے نااہل ہو سکتا ہے۔
والدین کی نگرانی ضروری:
انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ 18 سال کی عمر تک بچوں کو موبائل والدین کی نگرانی میں دینا چاہیے، اگر بچوں کو موبائل دینا ضروری ہو تو یہ والدین کی اجازت اور نگرانی کے تحت ہونا چاہیے، تاکہ وہ موبائل کو صرف مثبت اور ضروری مقاصد کے لیے استعمال کریں۔
آپ کا تبصرہ