حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ شاہی آصفی مسجد میں 3 جنوری 2025 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: میں اپنے آپ کو اور تمام حضرات کو تقوی الہی اختیار کرنے کی نصیحت کر رہا ہوں، پروردگار اس ماہ مبارک کی عظمت کے صدقہ میں ہم سب کو یہ توفیق عطا فرمائے، ہمارے دلوں میں تقوی رہے، اس سے ڈرتے رہیں اس کے فرامین پر عمل کرتے رہیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امیر المومنین علیہ السلام کے خطبہ غدیر کی روشنی میں فرمایا: یوم غدیر عید کا دن ہے، غدیر خوشیاں منانے کا دن ہے، لیکن صرف خود خوش رہنے کا دن نہیں بلکہ اپنے برادران ایمانی کو بھی خوش کرنے کا دن ہے۔ برادران دینی کو خوش کرنے کے سلسلہ میں حکم ہوا کہ انہیں اچھا لباس دیں، خوشبو تحفہ دیں اور اچھا کھانا کھلائیں۔ البتہ توجہ رہے کہ جب لذیذ کھانا کھانے اور کھلانے کا حکم دیا ہے تو عمل کریں اور جہاں روکا گیا ہے بندگی کا تقاضہ ہے کہ رک جائیں کیوں کہ اپنی چلانے کا نام شریعت نہیں ہے بلکہ شریعت پر عمل کرنا ہوگا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: اپنی استطاعت اور امکان کے مطابق خود پر، اپنے اہل و عیال پر اور برادران دینی پر عید غدیر کے دن خرچ کریں، کنجوسی نہ کریں، بخل سے کام نہ لیں، غدیر کے دن جتنا خرچ کریں گے اتنا ہی زیادہ ہمہیں ملے گا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: غدیر کے دن اگر کسی سے ملاقات کریں تو مرجھائے ہوئے چہرے سے ملاقات نہ کریں۔ غدیر کے دن ہمارا چہرہ بجھا ہوا نہیں ہونا چاہیے، دوسروں سے ملیں تو خندہ پیشانی سے ملیں، مسکرا کر ملاقات کریں، خوشی کا اظہار کریں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امام محمد باقر علیہ السلام کے ذریعہ پہلا اسلامی سکہ رائج ہونے کے سلسلہ میں فرمایا: جب بھی حکومتیں مشکلات میں گرفتار ہوئیں تو ائمہ ہدی علیہم السلام نے ان کی مدد کی، جیسے امام محمد باقر علیہ السلام نے حاکم وقت کے مدد طلب کرنے پر مشورہ دیا کہ تم اسلامی مملکت کا سکہ رائج کرو جس پر قرآن کی آیات تحریر ہوں۔
آپ کا تبصرہ