ہفتہ 1 مارچ 2025 - 18:27
زائرین اور نجف اشرف میں  طلبہ کے لئے تعلیمی ویزہ و اقامہ میں آسانی کی تجاویز

حوزہ/ تقریب میں پاکستان اور عراق کے آپس میں مزید تعلیمی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی تعلقات کی بہتری پر زور دیا گیا اور زائرین اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے پاکستانی طالب علموں کے اقامہ ویزہ اور تعلیمی امور میں آسانی کیلئے تجاویز دی گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ یکم مارچ 2025 بروز ہفتہ ادارہ منہاج الحسین لاہور پاکستان کے بانی و سرپرست اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کی دعوت پر عراق کے معروف خاندان حکیم کی علمی دینی و سیاسی شخصیت مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم (رح) کے فرزند ارجمند حجۃ الاسلام والمسلمین اسید عز الدین الحکیم تشریف لائے اور ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں ملکی اہم ترین شخصیات سمیت علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، علامہ محمد افضل حیدری ، علامہ محمد رشید ترابی ، علامہ رائے ظفر علی، علامہ محمد سبطین اکبر،علامہ حسن رضاباقر، علامہ سجاد جوادی، علی حسین اکبر،شبر حسین اکبر، مولانا جعفر عباس، حافظ قاری غلام مصطفیٰ اور دیگر معروف علماء و دانشور حضرات نے شرکت کی ۔

تصاویر دیکھیں:

حجت الاسلام سید عز الدین الحکیم کی وفد کے ہمراہ ادارہ منہاج الحسین لاہور کا دورہ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کا عراق سے اخوت و بھائی چارے اور محبت کا رشتہ صدیوں سے قائم ہے اور ان تعلقات کو ہر سطح پر مزید بہتر بنایا جائے کیونکہ وہاں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی (ص) کے اہلبیت اطہار علیھم السلام میں سے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام، جوانان جنت کے سردار حضرت امام حسین علیہ السلام اور کئی آئمہ اہلبیت علیہم السلام کے مزارات مقدسہ موجود ہیں جن سے ہر مسلمان خاص عقیدت رکھتا ہے۔

تقریب میں پاکستان اور عراق کے آپس میں مزید تعلیمی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی تعلقات کی بہتری پر زور دیا گیا اور زائرین اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے پاکستانی طالب علموں کے اقامہ ویزہ اور تعلیمی امور میں آسانی کیلئے تجاویز دی گئیں۔فلسطین میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی اور آزاد فلسطینی ریاست کیلئے متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ دنیا میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اسلام کے ابدی اصولوں پر چلنے پر زور دیا گیا۔ اس موقعہ پر ادارہ کے مہتمم اعلیٰ علامہ محمد سبطین اکبر نے ادارہ کے تعلیمی تربیتی رفاہی امور سے آگاہ کیا ۔

علامہ حسن رضا باقر نے ادارہ کے مختلف شعبوں اور اسلامی نظریاتی کونسل میں پاکستان کے شیعوں کی نمائندگی کے طورپر کئے جانے والے اقدامات اور قانونی ترامیم اور قانون سازی سے آگاہ کیا۔آخر میں ادارہ کے بانی علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ عراق سے تشریف لائے معزز مہمان کو اعزازی شیلڈ اور ان کے پاکستان اور ادارہ منہاج الحسین لاہور میں تشریف لانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • M Hussein IR 22:41 - 2025/03/01
    حوزہ علمیہ نجف اشرف میں طلاب کرام کو بہت تنگ کیا جا رہا ہے جن کا اقامہ ہے انکو باطل کیا جا رہا ہے