پیر 3 مارچ 2025 - 13:54
ماہ رمضان؛ گوہرِ تقویٰ کے حصول کا بہترین موقع: مقررین

حوزہ/ حوزہ علمیہ قم کے اساتذہ اور محققین نے ماہ مبارک رمضان کو تقویٰ کے حصول کا نادر موقع قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قرآن کریم اور دعاؤں سے انس، اس بابرکت مہینے کے فیوضات کو درک کرنے کے لیے ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہِ رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا: "یہ ایک بے مثال موقع ہے جو خداوند متعال نے ہمیں عطا کیا ہے تاکہ ہم اس مہینے میں اس کی ضیافت میں شریک ہوسکیں۔ سال بھر انسان نفسانی خواہشات اور گناہوں میں الجھا رہتا ہے، لیکن رمضان المبارک توبہ اور خدا کی طرف رجوع کرنے کا بہترین موقع ہے۔"

رمضان؛ تربیت اور معرفت کا مہینہ

قرآنی محقق حجت الاسلام والمسلمین محمد عابدی نے اس مہینے کے تربیتی اور معرفتی پہلوؤں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "اسلام نے زندگی کے مختلف پہلوؤں میں تربیت کے لیے مخصوص اعمال اور عبادات متعین کیے ہیں، اور رمضان المبارک ان میں سب سے نمایاں ہے۔ روزہ رکھنے کا ایک بنیادی مقصد تقویٰ کا حصول ہے، جیسا کہ قرآن میں آیا ہے: 'لعلکم تتقون' (تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ)۔ رمضان کے دوران مساجد اور مذہبی اجتماعات میں شرکت، ذکر و اذکار، اور قرآن خوانی، سب تقویٰ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔"

پورے سال تقوی برقرار رکھنا ضروری

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں حاصل ہونے والے تقوی اور روحانی لطافت کو پورے سال برقرار رکھنا چاہیے۔ "اکثر اوقات، تبلیغی ادارے ماہ رمضان کو ہی اہمیّت دیتے ہیں اور مبلغین بھیجتے ہیں، حالانکہ اگر اسے پورے سال جاری رکھا جائے تو یہ معاشرتی، ثقافتی، اور روحانی ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔"

قرآنی تعلیمات کی تفہیم کے لیے بہترین موقع

محترمہ نرجس شکرزاده نے اس مہینے کو "قرآن کی بہار" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قرآن سے جڑنے کا سب سے مناسب وقت ہے۔ "یہ موقع مبلغین، ثقافتی کارکنوں اور میڈیا کے لیے بھی ایک سنہرا موقع ہے کہ وہ لوگوں کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرائیں۔ رمضان اور بہارِ طبیعت کا امتزاج ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے تاکہ اسلامی تعلیمات کو مزید مؤثر انداز میں معاشرے تک پہنچایا جائے۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha