بدھ 5 مارچ 2025 - 17:18
​​​​​​​ مرکز احیائے آثار برصغیر کے مدیر کی آیت اللہ سید محمد رضا حسینی جلالی کے انتقال پر تعزیت

حوزہ / مرکز احیائے آثار برصغیر کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین طاہر عباس اعوان نے اپنے ایک پیغام میں آیت الله سید محمد رضا حسینی جلالی کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکز احیائے آثار برصغیر کے مدیر کے آیت الله سید محمد رضا حسینی جلالی کے انتقال پر جاری تعزیتی پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

انا لله و انا الیه راجعون

جلیل القدر عالم، دلسوز مربی، فرزانہ استاد، محقق، مدرس، ماہر علم رجال، محدث، مؤرخ، متکلم اور قدوۃ العلماء والمحققین حضرت آیت‌الله حاج سید محمد رضا الجلالی الحسینی الکشمیری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے انتقال کی خبر بہت افسوس و گہرے رنج و الم کا سبب بنی۔

ان کے اجداد ایران سے کشمیر اور پھر کربلا ہجرت کر گئے تھے۔ آپ نے اپنی تعلیم نجف اشرف میں بزرگ اساتذہ منجملہ اپنے والد گرامی بزرگوار محسن جلالی، آیت اللہ العظمی خوئی، آیت اللہ العظمی سید محمود شاہرودی اور امام راحل (رہ) کی شاگردی میں مکمل کی۔ اسی طرح ایران و عراق کے حوزات علمیہ کے علما، اساتذہ اور محققین برسوں اس علمی و تحقیقی ستون سے بھرپور استفادہ کرتے رہے۔

ان کی درسگاہ اور محفل صدق و صفا کا زلال چشمہ اور معارفِ نابِ قرآنی، حدیثی، رجالی، تاریخی اور ولائی سے آشنائی کا حلقہ تھی۔

ہم اس اندوہناک سانحہ پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عج)، مراجع عظام تقلید دامت برکاتهم، ان کے شاگردوں، عقیدت مندوں، خصوصاً قم و نجف کے علما، اساتذہ، بزرگان و طلاب اور معزز پسماندگان و فاضل فرزندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور خداوند کریم سے اس عالم ربانی کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل و اجر جزیل کی دعا کرتے ہیں۔

طاہر عباس

مرکز احیائے آثار برصغیر

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha