اتوار 6 اپریل 2025 - 18:29
جنت البقیع صرف ایک قبرستان ہے یا مکمل تاریخ؟

حوزہ/ مولانا غافر رضوی نے کہا: کیا مسلمانوں کے لئے لمحہ فکریہ نہیں ہے کہ ان کے رسول کا اتنا شاندار روضہ تعمیر کیا گیا ہے اور اسی روضہ کے بالکل سامنے آل رسول کی قبروں پر سائبان بھی نہیں ہے! اس بارے میں فکر کرنا ہر مسلمان کا عینی فریضہ ہونا چاہئے.

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم انہدام جنت البقیع یعنی ۸ شوال کے غمگین ماحول کی جانب اشارہ کرتے تھے ہوئے حجت الاسلام مولانا سید غافر رضوی صاحب قبلہ فلک چھولسی نے کہا: جب کبھی طائر تخیل مدینہ کی فضاؤں میں پرواز کرتا ہے، ایک مرتبہ گنبد خضرا کو دیکھ کر مسکراتا ہے تو دوسرے ہی لمحہ اس کی نگاہوں میں وہ پردرد منظر سما جاتا ہے جہاں چار معصوم اماموں کے ساتھ ایک معصومہ بھی زیر لحد ہے لیکن ان ہستیوں کی قبروں پر سائبان بھی نہیں ہے حالانکہ یہ تمام قبریں گنبد خضرا کے مکین کی ذریت طیبہ کی ہی ہیں!.

مولانا غافر رضوی نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا: کیا مسلمانوں کے لئے لمحہ فکریہ نہیں ہے کہ ان کے رسول کا اتنا شاندار روضہ تعمیر کیا گیا ہے اور اسی روضہ کے بالکل سامنے آل رسول کی قبروں پر سائبان بھی نہیں ہے! اس بارے میں فکر کرنا ہر مسلمان کا عینی فریضہ ہونا چاہئے.

مولانا رضوی نے کہا: جنت البقیع فقط ایک قبرستان ہی نہیں بلکہ مکمل تاریخ ہے جو مسلمانوں کی بے حسی اور آل رسول کی مظلومیت کو دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے؛ دیگر اقوام و ملل کے لوگ جب اس منظر کو دیکھتے ہیں تو ان کی نظروں میں مسلمانوں کی اہمیت کا زوال شروع ہوجاتا ہے.

مولانا غافر رضوی نے مزید کہا: کیا ہم اس قابل ہیں کہ روز محشر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے سامنے سرخرو ہوسکیں! آخر ہم نے ان کی اولاد کے حق میں کون سا ایسا کام کیا ہے جس کے ذریعہ ان کا سامنا کرسکیں گے! کیا جنت البقیع اپنی مظلومیت کا اعلان نہیں کر رہا ہے؟ آخر ہمارے کانوں پر پڑے ہوئے اقتدار کے پردے کب ہٹیں گے کہ جنت البقیع کی فریاد سن سکیں؟.

مولانا غافر نے اپنی گفتگو کے آخری مراحل میں کہا: اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ لوگ ہمیں حقیقی مسلمان کے عنوان سے پہچانیں اور ہم دنیا و آخرت میں سرخرو رہیں تو ہمیں رسول و آل رسول کی بابت حساس ہونا پڑے گا.

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha