اتوار 13 اپریل 2025 - 21:59
ڈاکٹر سید ایلیا زنگی پوری، بنگلور کی ایک ہمدرد شخصیت، داعی اجل کو لبیک کہہ گئے

حوزہ/ مرحوم کا تعلق ضلع غازی پور (یو پی) کے مشہور علمی و حکمت بھرے خانوادے، زنگی پور سے تھا۔ وہ سرکار علامہ سید محمد یوشع فیضی کے فرزند اور بزرگ عالم دین علامہ قیس زنگی پوری کے نواسے تھے۔ اور مولانا سید محمد فارقلیطا حسینی کے چھوٹے بھائی تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،معروف علمی و روحانی خانوادے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سید ایلیا زنگی پوری چند دن قبل سرطان جیسے موذی مرض کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی وفات پر صرف ایک ماہر ڈاکٹر کا نہیں، بلکہ ایثار، محبت، خدمت اور اخلاق کا پیکر اس دنیا سے اٹھ گیا۔

مرحوم کا تعلق ضلع غازی پور (یو پی) کے مشہور علمی و حکمت بھرے خانوادے، زنگی پور سے تھا۔ وہ سرکار علامہ سید محمد یوشع فیضی کے فرزند اور بزرگ عالم دین علامہ قیس زنگی پوری کے نواسے تھے۔ اور مولانا سید محمد فارقلیطا حسینی کے چھوٹے بھائی تھے۔

ڈاکٹر سید ایلیا بنگلور میں اپنی دینی، سماجی اور طبی خدمات کے لیے معروف تھے۔ ان کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو ان کی خدمتِ خلق، نرم خوئی، عاجزی اور ہر مظلوم و مجبور کے لیے حاضر رہنا تھا۔ ان کے جنازے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اور ہر زبان پر ان کی خدمات کا تذکرہ اس بات کی دلیل ہے کہ وہ واقعی دلوں پر حکومت کرنے والے انسان تھے۔

ان کے بھائی، مولانا سید فارقلیطا حسینی صاحب قبلہ نے اشکبار لہجے میں بتایا: "وہ میرے چھوٹے بھائی ضرور تھے، لیکن تدبر، معاملہ فہمی اور حلم و بردباری میں پورے خاندان میں ان کا کوئی ثانی نہ تھا۔ کئی مرتبہ بڑے ہونے کے باوجود وہ ہمیں سمجھاتے اور مشکلات سے بچاتے۔ وہ ہمارے خاندان کا مضبوط بازو تھے، جن کی کمی اب شدت سے محسوس ہوگی۔"

اس موقع پر مولانا سید صفدر حسین زیدی، مدیر مدرسہ امام جعفر صادق علیہ السلام جونپور نے بھی مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی اور کہا کہ:

"ڈاکٹر ایلیا زنگی پوری نہ صرف ایک ماہر معالج تھے بلکہ وہ انسانیت کے سچے خادم اور علم و اخلاق کے آئینہ دار تھے، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"

واضح رہے کہ مرحوم کے والد گرامی، علامہ سید محمد یوشع فیضی، بنگلور کی مسجد عسکری میں پیش نماز اور بااخلاق روحانی شخصیت کے طور پر معروف تھے، اور ان کی وہ تمام صفات مرحوم ڈاکٹر ایلیا کی شخصیت میں بھی بدرجہ اتم موجود تھیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha