حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے سابق صدر اور بلتستان کے معروف عالم دین حجۃ الاسلام سید احمد رضوی نے ڈاکٹر کلب صادق کی وفات پر تعزیتی بیان میں کہا کہ علامہ ڈاکٹر کلب صادق اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی اور حقیقی وحدت کے علمبردار تھے، آپ فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کے شدید مخالف تھے، اس سلسلے میں آپ کی علماء اہلسنت کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کی صفوں میں وحدت و یکجہتی کے فروغ کیلئے عظیم کاوشیں اور لازوال قربانیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ اور عزیزوں کو خدمت میں تعزيت اور تسلیت پیش کرتے ہے اور بارگاہ خداوند میں مرحوم کے لئے رحمت اور مغفرت طلب کرتے ہیں۔
سید احمد رضوی نے مزید کہا کہ عالم باعمل، مدافع اہلبیت، سرمایۂ قوم وملت ڈاکٹر سید کلب صادق خاندان اجتہاد کے چشم و چراغ تھے۔ زندگی کے مختلف شعبوں میں مولانا مرحوم کی خدمات زباں زد خاص و عام رہیں اور وہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردارکے طور پر پہچانے جاتے رہے۔ انہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں بالخصوص شیعہ قوم میں تعلیمی فروغ کی تحریک کے تحت متعدد تعلیمی درسگاہیں قائم کیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ دانشور عالم دین مولانا ڈاکٹر کلب صادق نقوی قدس سرہ الشریف کی المناک رحلت کی مناسبت سے برصغیر کے علماء کرام و عوام ، حوزہ ہائے علمیہ ، خاص طور پر ہندوستانی مسلمان، مرحوم کے خانوادے اور فرزندوں سے تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے اللہ رب العزت سے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں۔