۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
سید سرورعباس نقوی قمی

حوزہ/ موصوف کا سانحۂ ارتحال اس دورِ قحط الرجال میں دنیائے علم و ادب و اصلاح امت اور ملتِ تشیع کا ایک ایسا عظیم نقصان ہے جس کی بھر پائی ناممکن ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید سرورعباس نقوی قمی، صدر اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن آف انڈیا نے مولانا ڈاکٹر کلب صادق طاب ثراہ کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کا فقدان قوم کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے:

باسمہ تعالیٰ

انا لله و انا الیه راجعون 

حکیم امت مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی صاحب کا فقدان قوم کا ناقابل تلافی نقصان ہے
إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ.

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے۔
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا۔

بڑے ہی افسوس کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے کہ برِ صغیر کی تاریخ ساز شخصیت، مشہور عالمِ دین، مصلح قوم و ملت، حکیم امت، مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق صاحب قبلہ(نائب صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ) نے داعی اجل کو لبیک کہکر دارِ فانی کو الوداع کہا اور قوم کو روتا بلکتا چھوڑکر اپنے معبود حقیقی سے جاملے۔

موصوف کا سانحۂ ارتحال اس دورِ قحط الرجال میں دنیائے علم و ادب و اصلاح امت اور ملتِ تشیع کا ایک ایسا عظیم نقصان ہے جس کی بھر پائی ناممکن ہے۔

آپ نے قوم و ملت کی ترقی کے لئے جو خدمتیں انجام دیں ہیں وہ قابلِ صد تحسین و ناقابلِ فراموش ہیں آپ نے قوم کو جہالت سے دور کرکے علم کی شاہراہ پر گامزن کیا، مسلمانوں میں آپسی اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے میں موصوف کی ان تھک کوششوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔
سن ۲۰۰۸ میں اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن کی جانب سے سر زمین قم المقدسہ پر منعقدہ ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد اتحاد اسلامی کانفرنس میں ہماری دعوت پر شریک ہوئے اور ہندوستان میں اسلامی اتحاد اور اسکے نفاذ کی راہیں کے عنوان سے بڑی جامع تقریر کی اور کہا کہ قوم میں اختلاف کی جڑ اور قوم کی بیماری جہالت ہے لہذا قوم میں اتحاد و اتفاق کے نفاذ اور قوم کی ترقی اور پیشرفت کے لئے ہمیں قوم کو جہالت سے دور کرکے اسے علم کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

موصوف نے اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ مختلف پروگراموں میں ہمیشہ شریک ہوکر اپنے حکیمانہ بیان سے رونق بخشی۔

ایسی عظیم المرتبت، باوقار شخصیت کے سانحۂ ارتحال پر ہم اراکین اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن حضرت امام عصر(عج)، رہبر معظم انقلاب، مراجعِ عظام تقلید، علمائے کرام، حوزاتِ علمیہ، قائد ملت حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد صاحب اور تمام مومنین و مومنات اور بالخصوص مرحوم کے اہل خانہ و فرزندان جناب ڈاکٹر کلب سبطین نوری، جناب کلب حسین نقوی، جناب کلب منتظر نقوی صاحبان اور مرحوم کے داماد جناب نجم الحسن رضوی نجمی صاحب کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے خداوند کریم کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ خداوندمتعال مرحوم کو جوارِ رحمت عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عنایت فرمائے. 
آمین یارب العالمین بحق محمد و آلہ الطاہرین۔

شریک غم: سید سرورعباس نقوی قمی، صدر اہل بیت(علیہم السلام) فاؤنڈیشن آف انڈیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .