حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سیدساجدعلی نقوی نے معروف عالم دین و سکالر،آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کے نائب صدر ڈاکٹرسید کلب صادق نقوی کے انتقال پرگہرے دکھ وافسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ علامہ کلب صادق اتحادبین المسلمین کے داعی تھے۔انہوں نے شیعہ سنی خلیج کوکم کرنے اوردوریاں مٹانے میں اہم کرداراداکیااور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ہمیشہ جدوجہدکرتے رہے۔ان کی وفات ملت اسلامیہ برصغیر بالخصوص ملت اسلامیہ ہند کیلئے ناقابل تلافی خسارہ ہے۔علمی گھرانے کے چشم وچراغ ہونے کے ناطے مسلمانوں میں تعلیمی بیداری لانے کیلئے برابرکوشاں رہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں تعلیمی، طبی اوررفاہی ادارے قائم کئے۔ لکھنؤ کا ایرامیڈیکل کالج انہی کی یادگارہے۔
انہوں نے توحیدالمسلمین ٹرسٹ قائم کرکے بے شمار غریب گھرانوں کی مدداورمستحق نوجوانوں کے تعلیمی مصارف برداشت کئے۔علامہ ساجدنقوی نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کوقبول فرمائے اورجنت الفردوس میں اعلی علییّن میں مقام اورپسماندگان کوصبرجمیل اورملت اسلامیہ کواُن کانعم البدل عطافرمائے۔
آخرمیں قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سیدساجدعلی نقوی نے جموں وکشمیراتحادالمسلمین اورحریت کانفرنس کے سابق چیئرمین علامہ محمدعباس انصاری کی اہلیہ کاسری نگرمقبوضہ کشمیرمیں انتقال پر دکھ وافسوس کااظہارکرتے ہوئے لواحقین سے اظہارتعزیت اورمرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے۔