اتوار 18 مئی 2025 - 16:47
دوسروں کے مال سے چشم پوشی انسان کو لوگوں میں محبوب بنا دیتی ہے

حوزہ / حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے انسان کی لوگوں میں مقبولیت کے طریقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: روایات کے مطابق دوسروں پر احسان کرنا اور ان کے مال سے چشم پوشی کرنا انسان کو لوگوں کے درمیان محبوب بناتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت‌الاسلام والمسلمین محمد سعیدی آریا نے حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ معارفی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا: بندگانِ خدا کے درمیان ہدایتِ الٰہی کے بارے میں دو طرح کے رویے پائے جاتے ہیں؛ کچھ لوگ شکر گزار ہوتے ہیں اور کچھ اس ہدایت کے منکر، جیسا کہ سورۂ اسراء کی آیت نمبر تین میں اس کی طرف اشارہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا: امام سجاد علیہ السلام کے فرمان کے مطابق جو شخص رضائے الٰہی کا طالب ہو، چاہے لوگ اس سے ناراض ہی کیوں نہ ہوں، خداوند خود اس کے تمام امور میں کافی ہو جائے گا اور لوگوں کی طرف سے ہونے والے نقصانات سے بچائے گا لیکن جو شخص لوگوں کی خوشنودی کو خدا کی ناراضگی پر ترجیح دے، خدا بھی اسے لوگوں کے سپرد کر دے گا۔

حجت‌الاسلام والمسلمین سعیدی آریا نے کہا: امیرامؤمنین حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جو شخص خدا ترس ہو اور تقوٰی اختیار کرے، وہ اللہ کا محبوب بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا: خطبہ ہمام میں نہایت باریکی اور جامعیت کے ساتھ حضرت علی علیہ السلام کی زبان مبارک سے متقین کی صفات بیان ہوئی ہیں۔

حرم مطہر کے اس دینی محقق نے کہا: روایات کے مطابق دوسروں پر نیکی و احسان کرنا انسان کو محبوب بناتا ہے اور یہ احسان صرف مالی نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات کلامی، کبھی اچھے مشورے اور فکری مدد کی صورت میں اور کبھی مالی امداد کے ذریعے انجام پاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: امام سجاد علیہ السلام کے ارشاد کے مطابق انسان کی محبوبیت کا ایک اہم ذریعہ یہ ہے کہ وہ دوسروں کے مال کی طرف نظر نہ رکھے اور ان سے چشم پوشی اختیار کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha