حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قرآن مجید کے بہت سے قصوں میں حضرت یوسف علیہ السلام کا قصہ ایک منفرد اور اعلیٰ مقام رکھتا ہے۔ یہاں تک کہ خود قرآن نے اسے «أَحْسَنُ الْقَصَص» یعنی بہترین قصہ قرار دیا ہے۔
یہ شاندار خطاب یہ سوال پیدا کرتا ہے کہ اس سوره میں کون سا راز یا خاص بات ہے جو اسے دیگر قصوں سے اتنا ممتاز بناتا ہے؟ کیا یہ روایت کی خوبصورتی ہے، انسانی معنی کی گہرائی ہے، عبرت آموز اتار چڑھاؤ ہیں، یا یہ سب چیزیں مل کر اس قصے کو خاص بناتے ہیں کہ قرآن نے خود اسے "احسن" کہہ کر ممتاز کیا؟
اس سوال کی وضاحت کے لیے ہم نے حجت الاسلام والمسلمین رضا پوراسماعیل سے، جو دینی سوالات کے ماہر ہیں، رائے لی۔
سوال:
قرآن کے تمام قصوں میں سے سوره یوسف کو "احسن القصص" یعنی بہترین قصہ کیوں کہا گیا ہے؟
حجت الاسلام والمسلمین رضا پوراسماعیل کا جواب:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
قرآن مجید میں حضرت یوسف کے قصے کو "احسن القصص" کہا گیا ہے، جو کہ سوره یوسف کی تیسری آیت میں آیا ہے۔ مفسرین نے اس آیت کے تحت بہت سے گہرے نکات بیان کیے ہیں۔
اگر ہم ایک جامع جواب دینا چاہیں، تو سب سے پہلے ہمیں قرآن کے قصے سنانے کے مقصد کو سمجھنا ہوگا۔ اصل سوال یہ ہے کہ قرآن ان قصوں کو بیان کرکے کیا حاصل کرنا چاہتا ہے؟
قرآن صرف کہانی سنانے یا تاریخ بیان کرنے کی کتاب نہیں ہے۔ یہ ایک ہدایت دینے والی کتاب ہے۔ لہٰذا قصے بھی اسی مقصد کے لیے ہیں یعنی ہدایت دینا۔
اس لیے "احسن القصص" سے مراد وہ کہانی ہے جو قرآن کے ہدایت کے مقصد کو سب سے زیادہ پورا کرتی ہو۔
اب سوال یہ ہے کہ حضرت یوسف کی کہانی میں کون سی خصوصیات ہیں جو اسے اس لقب کا حقدار بناتی ہیں؟
اس موضوع کو چند حصوں میں سمجھا جا سکتا ہے۔
پہلی اور سب سے اہم خصوصیت اس کہانی کی بے مثال ساخت اور منظم اندازِ بیان ہے۔ قرآن کے دیگر قصوں کے برخلاف، جیسے بنی اسرائیل کے قصےجو مختلف سوروں میں موجود ہیں، حضرت یوسف علیہ السلام کی پوری زندگی کی داستان ایک ہی سوره، یعنی سوره یوسف میں مکمل بیان ہوئی ہے۔
یہ قصہ ایک مربوط اور مکمل سلسلہ ہے؛ ایک ہی سوره میں شروع، درمیان، عروج اور آخر کا واضح تعین ہے، اور اس میں ایک خوبصورت اور طاقتور داستان کے لیے ضروری تمام عناصر شامل ہیں۔
دوسری بات یہ ہے کہ سوره یوسف کا مواد بہت جامع ہے۔ یہاں تضادات اور گہرے الٰہی و انسانی معنی ایک ساتھ پائے جاتے ہیں۔
یہ قصہ مختلف تضادات کو وسیع دائرے میں دکھاتا ہے جو انسانی اور الٰہی مفاہیم کی گہرائی کو ظاہر کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر:
«کنویں» اور «سلطنت» کا تضاد: ایک بچے کا گرے ہوئے کنویں سے لے کر مصر کے اعلیٰ مقام اور عزت تک کا سفر۔
«جدائی» اور «ملن» کا تضاد: یعقوب علیہ السلام اور یوسف علیہ السلام کی لمبی اور تکلیف دہ دوری اور پھر ان کا خوشگوار اور شاندار ملنا۔
گناہ سے معافی تک: بھائیوں کا حسد اور دھوکہ دہی کا مقابلہ، اور حضرت یوسف کی بلندی پر معافی اور بزرگواری۔
خواہش سے پاکدامنی اور توبہ تک: نفسیاتی خواہشات (جو زلیخا کی شخصیت میں دکھائی گئی ہیں) سے پاکیزگی (یوسف) اور آخر میں توبہ اور خدا کی طرف لوٹنا (زلیخا)۔
جہالت سے علم کی طرف سفر: کہانی بتاتی ہے کہ کیسے کچھ لوگ الٰہی علم، جیسے خواب کی تعبیر، سے عاجز اور نابلد تھے، لیکن نبی خدا (حضرت یوسف) کا علم مسئلہ حل کر دیتا ہے۔
یہ تضادات اور مقابلے کہانی کو مزید دلچسپ بناتے ہیں اور قرآن کے تربیتی و الٰہی مقصد کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
ایک اور بنیادی وجہ جو اس قصے کو «احسن القصص» بناتے ہے، مرکزی کردار یعنی حضرت یوسف علیہ السلام کا کامل نمونہ ہونا ہے۔ وہ ایک نبی کی حیثیت سے صبر، تقویٰ، حکمت اور مشکل حالات میں بہترین انتظام کی اعلیٰ صفات دکھاتے ہیں۔ وہ ہر حال میں خدا کو یاد رکھتے ہیں اور کبھی غفلت نہیں کرتے۔
آخر میں، یہ مشکل راستہ انہیں ایک بے مثال طاقت تک لے جاتا ہے، لیکن یہ طاقت انہیں بدکردار نہیں بناتی، بلکہ وہ ایک اخلاقی ہیرو بن جاتے ہیں جو اپنی بلندی پر معافی اور سخاوت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہی ایک مکمل انسان کی عظیم تبدیلی ہے جو کہانی یوسف کو سب سے بہترین قصہ بناتی ہے۔
ایک اور اہم نکتہ، جو اس سوره میں پایا جاتا ہے، اس کے گہرے اخلاقی اور تربیتی پیغامات ہیں۔ یہ پیغامات قرآن کے قصے سنانے کے عمومی مقصد، یعنی انسانوں کی ہدایت، کے تابع ہیں۔ ان پیغامات میں خاص طور پر درج ذیل باتیں شامل ہیں:
تقویٰ اور صبر کی آخری فتح: یہ کہانی واضح طور پر دکھاتی ہے کہ آخرکار نیک لوگوں اور صابر افراد کی ہی کامیابی ہوتی ہے۔
ناامیدی کے درمیان امید کی روشنی: قصے کے سب سے مشکل لمحات میں " چاہے حضرت یعقوب کے لیے ہوں، حضرت یوسف کے لیے جب وہ کنویں میں تھے، بھائیوں کے لیے گناہ کے بعد، یا زلیخا کے لیے ان کے پچھتاوے میں " ہمیشہ اللہ کی رحمت اور امید کی روشنی موجود رہتی ہے اور نجات کا راستہ دکھاتی ہے۔
معافی اور بخشش کی اہمیت: حضرت یوسف کی اپنے بھائیوں کو معافی اور حضرت یعقوب کی گذشتہ رویے کی بخشش انسانی اخلاق کا اعلیٰ نمونہ ہے اور اس کہانی کے اہم اسباق میں سے ہے۔
بحران میں حکمت اور انتظام:
حضرت یوسف کی حکمت اور تدبیر قحط کے دوران ایک بڑی آفت سے بچاؤ اور منصوبہ بندی کا ایک بے مثال نمونہ ہے۔
الٰہی ارادے کی حکمرانی: قصے کے تمام واقعات اور سلسلے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ سب کچھ آخرکار خداوند حکیم کے ارادے اور منصوبہ بندی کے تحت چلتا ہے۔
لہٰذا، منظم ساخت، بھرپور مواد، گہرے کردار اور انسان کو سنوارنے والے پیغامات کی بنا پر، حضرت یوسف کے قصے کو «احسن القصص» یعنی "بہترین قصہ" کہا گیا ہے۔ یہ ایک ایسا قصہ ہے جو سننے اور سنانے دونوں میں لطف دیتا ہے اور انسان کو کمال اور اخلاقی فضائل کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔









آپ کا تبصرہ