جمعرات 11 ستمبر 2025 - 12:53
نئی دہلی میں 1500ویں جشنِ میلاد النبیؐ اور 26ویں آل انڈیا قرآنی مقابلے کی شاندار تقریب

حوزہ/ نئی دہلی میں ایران اور عراق کے سفارتخانوں کی مشترکہ تقریب میں 1500ویں جشنِ میلاد النبیؐ اور 26ویں آل انڈیا قرآنی مقابلے کا انعقاد ہوا، جس میں ملک بھر کے نوجوان قراء اور حفاظ نے حصہ لیا اور قرآن کے پیغامِ امن و اخوت کو اجاگر کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نئی دہلی/ اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرل ہاؤس اور جمہوریہ عراق کے سفارتخانہ کی جانب سے مشترکہ طور پر 1500ویں جشنِ میلاد النبیؐ اور 26ویں آل انڈیا قرآنی مقابلے کے اختتامی اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ جو ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی میں منعقد ہوئی جس میں ہندوستان، ایران اور عراق کے علماء، معززین اور مختلف طبقوں کے نمائندے شریک ہوئے اور رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی سیرت اور پیغام کو یاد کیا گیا۔

مکمل تصاویر دیکھیں:

نئی دہلی میں 1500ویں جشنِ میلاد النبیؐ اور 26ویں آل انڈیا قرآنی مقابلے کی شاندار تقریب

مقابلے میں ملک بھر سے منتخب قراء و حفاظ نے شرکت کی۔ حفظ قرآن کے زمرے میں حافظ محمد کاشان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد سلمان دوسرے نمبر پر رہے۔ قرأت کے شعبے میں قاری سلمان ابنِ محمد مفتی کریم (سورت، گجرات) نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ قاری حبیب الوریس محمد امین (دیوبند) اور قاری محمد سمامہ (الہ آباد) بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔ نمایاں کارکردگی والوں کو ایران کلچر ہاؤس اور عراقی سفارتخانے کی جانب سے انعامات پیش کئے گئے۔

منعقدہ تقریب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ایرج الہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس موقع کو "قرآن کی برکت" قرار دیا جو مختلف ملکوں کے عوام کو آپس میں جوڑتا ہے۔ عراقی سفارتخانے کے کاؤنسلر اودی حاتم محمد نے اس مشترکہ تقریب کو مبارک موقع قرار دیا اور عراق و ایران کی ثقافتی شراکت داری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دیگر ممالک بھی اس سلسلے میں شامل ہوں گے تاکہ عوامی تعلقات مزید مستحکم ہوں اور قرآن کے پیغامِ امن و اخوت کو فروغ دیا جاسکے۔

تقریب کا اختتام اتحاد اور اخوت کے پیغام کے ساتھ ہوا۔ محفل کی خاص کشش مقابلے کے ججز کی دلنواز قرأت رہی جبکہ نوجوان قراء کی آوازوں نے قرآن کے اس لازوال پیغام کی یاد دلائی جو امن، انصاف اور ہمدردی پر مبنی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha