حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ علی کریمی جہرمی نے شہر قم میں امام ہادی ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں امام علی نقی(ع) کی میلاد کی مناسبت سے جشن کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اس انسٹی ٹیوٹ کی انتہائی عمدہ علمی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا خداوند متعال اور اہل بیت(ع) کی توجہ باعث بنتی ہے کہ مبلغین اور علماء کرام سہولیات کی کمی کے باجود علم و تحقیق میں نمایاں کارکردگی دکھائیں۔
انہوں نے سورہ نساء کی آیت نمبر 73 کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا مقام امامت تک پہنچنے کا رمز یقین ، صبر اور بردباری جیسی صفات کا پایا جانا ہے اور خداوند عالم نے آئمہ(ع) میں ان صفات کے مشاہدے کے بعد انہیں یہ نورانی مقام عطا کیا ہے۔
آیت اللہ کریمی جہرمی نے امام ہادی(ع) کی شخصیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا امام ہادی(ع) سورہ نساء کی آیت نمبر 73 کے مصادیق میں سے ہیں کیونکہ وہ اسلامی معاشرے کیلئے ہادی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا امام ہادی(ع) نے زیارت جامعہ کبیرہ، زیارت غدیریہ اور زیارت سیدالشہداء کو یادگار کے طور پر چھوڑا ہے جو تمام امور میں اسلامی معاشرے کیلئے ہدایت کا باعث ہیں۔
دینی علوم کے نامور استاد نے کہا مبلغین اور دینی علوم کے طلاب کو چاہئے کہ وہ زیارت جامعہ کبیرہ کا تحقیقی انداز میں مطالعہ کریں اور اس سے امام شناسی کے موضوع پر علمی مطالب حاصل کریں۔
آیت اللہ جہرمی نے کہا علماء کی اصلی ترین ذمہ داری معاشرے کی ہدایت و رہنمائی ہے اور پہلے مرحلے میں ہدایت خود سازی سے شروع ہونی چاہئے اس سلسلے میں کلام اہل بیت(ع) سے بہتر کسی چیز سے رہنمائی نہیں لی جاسکتی ہے۔
انہوں نے زیارت غدیریہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ زیارت امام ہادی(ع) کی یادگار ہے جو ہم تک پہنچی ہے یہ زیارت کلامی مباحث، ولی کی شناخت اور علی(ع) کی شناخت جیسے مسائل پر مشتمل ہے جوان طلاب کو اس سے غافل نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا مومنین کی ہدایت و رہنمائی کے موضوع پر امام علی نقی(ع) سے بہت زیادہ روایات ہیں جو ہمارے لئے بہت بڑا درس بھی ہیں۔ ایک دن ایک سائل مالی مشکلات کی شکایت لیکر امام ہادی(ع) کی خدمت میں حاضر ہوا۔ قبل اس کے کہ وہ شخص اپنا مسئلہ بیان کرتا امام(ع) نے اس سے پوچھا کس نعمت پر خداوند متعال کا شکر ادا کرنا چاہئے؟ اس شخص نے کوئی جواب نہیں دیا۔ امام نے اس کے سامنے ایمان، سلامتی اور قناعت تین نعمتیں ذکر کیں اور اس کی مالی امداد بھی کی۔
آیت اللہ کریمی جہرمی نے آخر میں کہا امام ہادی(ع) معاشرے کی اصلاح اور تربیت کی فکر میں تھے انہوں نے پہلے مرحلے میں سائل کو صحیح زندگی گزارنے کی تعلیم دی اور پھر اس کی مالی مدد کی۔ کمزور کی مدد کرنا ایک سادہ اور معمولی کام ہے لیکن مکتب اہل بیت(ع) انسان سازی کا مکتب ہے۔
یاد رہے کہ اس تقریب کے اختتام پر مکتب امام صادق(ع) کے 9 طلاب نے امام ہادی(ع) ایجوکیشنل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے 27ویں یوم تاسیس کے موقع پر آیت اللہ کریمی جہرمی کے ہاتھوں علماء کا مقدس لباس زیب تن کیا۔