حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیه قم کے بزرگ استاد آیۃ الله کریمی جهرمی نے اس ملاقات میں، امام صادق علیه السلام کی ایک روایت بیان کرتے ہوئے تبلیغ کے میدان میں کامیاب ہونے کیلئے مؤثر اور اہم ترین عوامل کی جانب اشارہ کیا۔
انہوں نے تمام کاموں بالخصوص دین کی تبلیغ کو خدا کیلئے انجام دینے پر تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ امام صادق علیہ السّلام فرماتے ہیں: "مَن تَعَلَّمَ للّهِ وعَمِلَ للّهِ وعَلَّمَ للّه دُعِیَ فی مَلَکوتِ السَّماواتِ عَظیماً" اس نورانی حدیث میں امام علیہ السّلام تمام کاموں کی بنیاد کو خلوص قرار دیتے ہیں۔
آیۃ الله کریمی جهرمی نے مذکورہ بالا حدیث شریف کی تفصیل میں کہا کہ حدیث کی پہلی عبارت کی روشنی میں، حصول علم صرف اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کیلئے ہونا چاہیئے مقام، شہرت، پیسہ اور دکھاوے کیلئے نہیں ہونا چاہیئے، اگر ہمارے طلباء خدا کی خاطر علم حاصل کریں تو یہ ایک بہت ہی اعلیٰ و ارفع مقام ہے جسے نہ صرف زمین پر بلکہ اہل آسمان میں بھی عظیم اور اعلیٰ مقام حاصل ہوتا ہے۔
انہوں نے اس نورانی حدیث کے دوسرے حصے کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ امام علیه السلام نے حصول علم کے بعد عمل پر تاکید فرمائی ہے۔ انسان کا عمل بھی صرف خدا کیلئے ہونا چاہیئے تاکہ خدا کے نزدیک انسان کیلئے ایک خاص مقام و مرتبہ ہو ورنہ کوئی اہمیت نہیں ہے۔ خدا نہ کرے کہ انسان اپنے قدم مضبوط کرنے، شہرت حاصل کرنے اور اپنے اردگرد کچھ لوگوں کو جمع کرنے کیلئے علم و معارف حاصل کرے اور اس کا ہدف خدا کی رضا نہ ہو۔
استادِ حوزه علمیه قم نے مبلغین کو رضائے خداوند حاصل کرنے کیلئے قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی تعلیم و ترویج کی نصیحت کی اور کہا کہ اس حدیثِ مبارکہ کے تیسرے حصے میں، امام صادق علیہ السلام اہل علم کو نصیحت کرتے ہیں کہ خدا کی خاطر سیکھنے والے علوم و معارف کی تعلیم، تبیین اور ترویج، خدا کے علاوہ دولت، شہرت اور عزت حاصل کرنے کیلئے نہیں ہونی چاہئیے، اگر ایسا ہوا تو خسارہ اور نقصان کے سوا کچھ ہاتھ نہیں لگے گا۔ آپ کی تبلیغ خالصتاً اللّٰہ تعالٰی کیلئے ہو تاکہ ملائکہ کی نظر میں آپ کیلئے خاص مقام و مرتبہ ہو اور آپ کی تبلیغ سے لوگوں کے دلوں میں اثر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلے آپ فرصتوں اور اپنی جوانی کو غنیمت جانیں اور اسے ضائع نہ کریں اور ان کی قدر کریں کیونکہ یہ جلد ختم ہونے والی چیزیں ہیں۔ دوسرا، اپنے علم کو معاشرے کی اصلاح اور خدا کے بندوں کی نجات کیلئے استعمال کریں اور آپ تبلیغ کے ذریعے قرآن اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے خصوصی اہتمام کریں۔