۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
قرآن پاک کی آیت نے ہندو بزنسمین کی قسمت بدل دی

72سالہ کٹر ہندو اور سوبھا گروپ کے بانی مینن نے کہا کہ میں اپنی جیب میں ہمیشہ اس آیت کو رکھتا ہوں اور اس سے میں محفوظ اور راحت محسوس کرتا ہوں جبکہ قرآن پاک کی یہ آیت میرے بیٹے اور بیٹیوں کے گھروں میں بھی لگی ہوئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ابوظہبی/ قرآن کریم کی سورہ آل عمران کی آیت نے ہندوستانی ہندو بزنس مین پی این سی مینن کی قسمت بدل کر رکھ دی۔ رپورٹ کے مطابق پی این سی مینن سوبھا گروپ کے بانی اور چیئرمین ہیں اور وہ اربوں ڈالر مالیت کی رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی کمپنی کو سنبھالتے ہیں جو کہ متحدہ عرب امارات، عمان، بحرین، قطر اور ہندوستان سمیت کئی ممالک پر محیط ہے۔

مینن نے اپنی زندگی کے بڑے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ 35 سال قبل میں اپنے کاروبار کے حوالے سے تباہی کے دہانے پر تھا،میرے کاروبار کو بہت بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا اور میں حا لات کو درست کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔سوبھا گروپ کے بانی اور چیئرمین نے کہا کہ وہ اس وقت امید اور مایوسی کے درمیان پھنسے ہوئے تھے جب ان کے عمانی بزنس پارٹنر سلیمان العدوی نے انہیں قرآن پاک کا ایک خوبصورت نسخہ تحفے میں دیا اور مجھے مسقط میں اپنے گھر کے باہر سورہ آل عمران کی ایک آیت لگانے کو کہا اور میں نے ایسا ہی کیا۔

عمانی بزنس مین نے سورہ آل عمران کی آیت نمبر 160 کا حوالہ دیا جس کا ترجمہ مندرجہ ذیل ہے۔’’ اگر اللہ تمہاری مدد کرے گا تو تم پر کوئی غالب نہ ہوسکے گا اور اگر اس نے مدد چھوڑ دی تو پھر ایسا کون ہے جو اس کے بعد تمہاری مدد کر سکے اور مسلمانوں کو اللہ ہی پر بھروسہ کرنا چاہیے ‘‘۔مینن نے کہا کہ میں نے اس آیت کو گھر کے باہر لگانے سے حیرت انگیز نتیجہ ملا اوردیکھتے ہی دیکھتے میرے تمام مسائل حل ہوگئے اور سب چیزیں اپنی جگہ پر آگئیں۔ بزنسمین نے کہا کہ تب سے انہوں نے اس آیت کو اپنے تمام گھروں اور دفاتر بشمول متحدہ عرب امارات اور ہندوستان میں مستقل طور پر لگا رکھا ہے۔

72سالہ کٹر ہندو اور سوبھا گروپ کے بانی مینن نے کہا کہ میں اپنی جیب میں ہمیشہ اس آیت کو رکھتا ہوں اور اس سے میں محفوظ اور راحت محسوس کرتا ہوں جبکہ قرآن پاک کی یہ آیت میرے بیٹے اور بیٹیوں کے گھروں میں بھی لگی ہوئی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .