۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
صدر منہاج القرآن پاکستان

حوزه/صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے مشعل بردار جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم (ص) کو اللہ تعالیٰ نے انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ بنا کر بھیجا، حضور نبی اکرم (ص) کی ولادت اور بعثت ایک نئے دور کا آغاز اور تاریخ کی ایک نئی جہت کا تعین تھا.

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں (عزیز بھٹی ٹاؤن) میں مغلپورہ چوک سے مین بازار باغبانپورہ تک مشعل بردار جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کی۔

جلوس مغلپورہ سے شروع ہو کر شالامار لنک روڈ سے ہوتا ہوا مین بازار باغبانپورہ میں اختتام پذیر ہوا، درود و سلام کی صداؤں میں نکالے گئے مشعل بردار جلوس میں مذہبی، سیاسی، سماجی، تاجر رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مرد، خواتین، بزرگ، بچے شریک ہوئے۔

انجینئر محمد رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، شہباز حسین بھٹی، حفیظ اللہ جاوید، حاجی محمد فرخ، محمد اسلم چودھری، محمد اطہر، محمد ارشد طاہر، ثناء اللہ خان، غلام اصغر صدیقی، پیر سیدانعام اللہ، پیر سید گلزارشاہ، ڈاکٹر شاہد محمود، پروفیسر محمد عمران، محمد اسلم پرویز قادری سمیت اہم رہنماؤں نے جلوس میں شرکت کی۔ تاجر رہنما حاجی منظور حسین بھی ایک بڑے وفد کے ساتھ جلوس میں شریک ہوئے۔

اہلیان علاقہ، شالا مار لنک روڈ کی تاجر برادری دیگر سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں نے جگہ جگہ شرکائے جلوس کا استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شرکائے جلوس کو خوش آمدید کہا، جلوس کے راستے کو خیر مقدمی بینرز اور عمارتوں کو چراغاں کر کے سجایا گیا تھا، پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں، آمد ربیع الاول کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس میں آمد مصطفی(ص) مرحبا مرحبا، سیدی، مرشدی یا نبی یا نبی(ص)  کے نعرے لگائے گئے، فضائیں درود و سلام کی صداؤں معطر ہو گئیں، جلوس میں اونٹ، رقص کرتے گھوڑے، سجی ہوئی بگھیاں، عربی لباس پہنے بچوں نے جلوس کی رونق کو چار چاند لگا دئیے۔

صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے مشعل بردار جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم (ص) کو اللہ تعالیٰ نے انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ بنا کر بھیجا، حضور نبی اکرم (ص) کی ولادت اور بعثت ایک نئے دور کا آغاز اور تاریخ کی ایک نئی جہت کا تعین تھا، آپ (ص) کی تشریف آوری کے بعد انسانیت ایک نئے دور میں داخل ہو گئی، ایسا دور جس میں شعور، آگہی، تہذیب، کلچر اور اعلیٰ انسانی اقدار کو فروغ ملا، حضور نبی اکرم (ص) کی ولادت باسعادت کا جشن مناکر اہل ایمان اپنے ایمان کو تازہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام نے انسانیت کو مساوات، اخوت اور جمہوریت کا درس دیا ہے، آپ کی پاکیزہ زندگی انسانیت کے لیے اعلیٰ ترین نمونہ ہے، تحریک منہاج القرآن نے اللہ کی توفیق سے ہر سال حضور (ص) کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد یقینی بنایا اور میلادکے کلچر کو عام کیا، عشق مصطفی(ص)  کی شمعیں گھر گھر، گلی گلی میں روشن کیں، اس سال بھی 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو گی، جلوس کے اختتام پر ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .