حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر بندر عباس میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ غلام علی نعیم آبادی نے ’’فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا‘‘ نامی ایک دینی تعلیمی انسٹیٹیوٹ میں کتابوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب میں دینی طلاب اور یونیورسٹی کے طلباء کے درمیان کتاب کی اہمیت اور زندگی میں اس کے موثر کردار کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: کتاب انسان کے ذہن میں آنے والے سوالات اور معاشرے کے تمام سوالوں کے حل کی طرف حرکت کرنے کی ابتداءہے۔ انہوں نے مزید کہا: کتابوں کی نمائش میں مختلف موضوعات کی کتابیں ہونی چاہیے جو کہ اس نمائش میں آنے والوں کی ضرورت کو پورا کرسکیں۔
انہوں نے کہا : کتاب کی نمائش کتابوں کی ترویج کا بہترین ذریعہ ہے اور انسان جب کتاب کو دیکھتا ہے تو اسے اس کی ضرورت کا احساس ہوتا ہے۔
آیت اللہ نعیم آبادی نے کتاب کو انسان کا بہترین ہمنشین قرار دیتے ہوئے کہا: کتاب سے لگا ؤ اور اس کے مطالعہ کا شوق انسان میں عبادت کی رغبت پیدا کرتا ہے اور اس میں خدمت خلق کا جذبہ بیدار کرتا ہے ۔
شہر بندر عباس کے امام جمعہ نے کہا : کتاب اور علم انسان کی مادی اور معنوی زندگی کو سروسامان دینے کا پیش خیمہ ہیں۔
ایران کے صوبہ ہرمزگان میں نمائندہ ولی فقیہ نے تربیت اولاد میں علم کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایک اہل علم ماں بے علم ماں کے بر خلاف اپنے علم کے ذریعے اولاد کی بہترین تربیت کرتی ہے جبکہ بے علم ماں اپنی اولاد کے درمیان فرق ڈال کر انہیں حاسد بنا دیتی ہے۔
آیت اللہ نعیم آبادی نے آخر میں قرآن کریم کی سورہ فاطر آیت نمبر 28 "انما یخشی الله من عباده العلماء"کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: خالص بندگی تک پہنچنے کا واحد راستہ دین کا عالم ہونا ہے۔