۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
رہبرمعظم انقلاب اسلامی

حوزہ/ حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عدلیہ کے سربراہ اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں فرمایا: امریکہ مذاکرات کے ذریعہ ایرانی قوم کے اقتدار کو سلب کرنے کی کوشش کررہا ہے امریکہ کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش مکر وفریب اور دھوکہ پر مبنی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عدلیہ کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی طرف سے  مذاکرات کی پیشکش کو فریب قرار  دیتے ہوئے  فرمایا کہ امریکی حکام ایرانی عوام کی طاقت کے عوامل سے خوفزدہ ہیں اور آگے آنے سے ڈرتے ہیں لہذا وہ مذاکرات کے ذریعہ ایرانی قوم کے اقتدار کو سلب کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کی عائد کردہ پابندیوں کو ایرانی عوام کے خلاف کھلا ظلم قرار دیا اور فرمایا " پچھلے چار عشروں کے دوران ایرانی تشخص اور اسلامی خصوصیات کے امتزاج کے، منہ زور عالمی طاقتوں کے دباؤ سے ایرانی قوم کی ترقی پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکیوں کی جانب سے انسانی حقوق جیسے معاملات سے ناجائز فائدہ اٹھائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ تم (امریکی)  تقریبا تین سو بے گناہ مسافروں کو فضا میں قتل کر دیتے ہو، سعودی عرب کے تعاون سے یمن اور یمنی عوام  کا جینا حرام کرکے رکھا ہے اور اور پھر بھی انسانی حقوق کا دم بھرتے ہو؟!!

 آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملت ایران کے خلاف دنیا کی شرپسند ترین حکومت، یعنی حکومت امریکہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات، توہین اور دشنام طرازی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا" ملکوں اور قوموں کے درمیان جنگ، اختلافات، لوٹ مار اور تباہی کا سبب بننے والی دنیا کی منفور ترین اور خبیث ترین حکومت، ایران کے غیور عوام پر ہر روز ناروا الزامات عائد کر رہی ہے لیکن ایران کے عوام امریکہ کے گھناؤنے اقدامات کو کوئی اہمیت نہیں دیتے اور وہ پسپائی اختیار نہیں کریں گے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یہ بات زور دے کر فرمائی کہ ایران کے عوام مظلوم ہونے کے ساتھ ساتھ  طاقتور بھی ہیں، خدا کے فضل سے بدستور پہاڑ کی مانند کھڑے ہوئے ہیں اور پوری قوت کے ساتھ طے شدہ اہداف اور مقاصد کی جانب قدم آگے بڑھا رہے ہیں۔

 

تبصرہ ارسال

You are replying to: .