حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام والمسلمین سید کلب جواد نقوی نے شیخ ابراہیم زکزاکی کی مظلومانہ گرفتاری اور ان کے علاج میں برتی جارہی غفلت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نائیجیریا حکومت سے مطالبہ کرتےہیں کہ آیت اللہ زکزاکی کو علاج کے لئے ہندوستان آنے کی اجازت دی جائے ۔
انھوں نے کہا کہ شیخ زکزاکی کے وکیل نے عدالت میں اپیل کی ہے کہ انکو کو علاج کی غرض سے ہندوستان جانے کی اجازت دی جائے مگر نائیجیریا حکومت انہیں ہندوستان آنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اوروہاں کی حکومت ان کے علاج میں غفلت برت رہی ہے ۔اطلاعات کے مطابق انہیں ’’سلوپوئزن ‘‘ دیا جارہاہے اس لئے عالمی حقوق انسانی کی تنظیموں کو شیخ زکزاکی کی حفاظت کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
مجلس علماء ہندوستان کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ نائیجریا حکومت شیخ زکزاکی کی اسلامی تحریک سے خوفزدہ ہے ۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے پندرہ سال کے عرصے میں لاکھوں افراد کو مذہب حقہ کی کامیاب دعوت دی ۔نائیجیریا میں شیعہ اقلیت میں ہیں لہذا انکی آواز کو دبانے اور شیخ زکزاکی کی دعوت اسلام کی تحریک کو ختم کرنے کے لئے ان کے خلاف فوج کا استعمال کیا گیا ۔انکے بچوں کو شہید کردیا گیا اور جو انکی حمایت میں احتجاج کررہے ہیں انکو کو بے دریغ قتل کیا گیا ۔ان کے حامی ابھی تک قیدو بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ شیخ زکزاکی کے ساتھ ان کے بے گناہ حامیوں کو بھی رہا کیا جائے ۔
حجت الاسلام والمسلمین سید کلب جواد نقوی نے حکومت ہند سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شیخ زکزاکی کو علاج کے لئے ہندوستان لانے کے لئے نائیجیریا پر سفارتی دبائو قائم کرے ۔