۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
سردار سلیمانی

حوزه/ کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی گذشتہ رات بغداد ایئرپورٹ جانے والے راستے میں شہید ہوگئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاه پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اسلامی انقلابی گارڈ قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔

سپاہ پاسداران نے ایک بیان میں کہا: اسلام کے قابل فخر کمانڈر، حاج قاسم سلیمانی، ایک طویل مجاہدانہ زندگی گزارنے  کے بعد امریکی ہیلی کاپٹر حملے میں شہید ہوگئے۔

 عالم اسلام کے عظیم مجاہد قاسم سلیمانی شہید ہوگئے۔ سپاه پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام کے عظیم کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی تمام عمر اسلام کی خدمت کرنے اور راہ خدا میں جہاد کرنے کے بعد آج صبح عالمی دہشتگرد امریکہ کے جنگی ہیلی کاپٹر کے حملے میں شہید ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی حملے میں عراقی رضاکار فورس حشد الشعبی کے اعلی کمانڈر ابو مہدی مہندس بھی شہید ہوئے ہیں۔

آئی آر جی سی کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس امریکی فورسز کے فضائی حملہ میں شہید ہوگئے ہیں۔ عراقی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بغداد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ان کی کار پر راکٹ فائر کئے گئے۔ 

یاد رہے کہ امریکی ڈرون طیاروں نے اتوار کی رات عراق کے سرحدی شہر القائم میں رضاکار فورس الحشد الشعبی کے مراکز پر بمباری کر کے تقریبا 25 افراد کو شہید اور 51 کو زخمی کر دیا تھا۔  اس پر منگل کے دن عراقی مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کے باہر امریکی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور دھرنا بھی دیا۔ مظاہرین پر امریکی فوجیوں نے فائرنگ کی جس میں تقریبا 77 افراد زخمی ہوئے۔ عراقی عوام نے شہداء کی تجہیز و تکفین کے بعد امریکی پرچم نذر آتش کیا اور امریکی سفارتخانے کی دیواروں پر الحشد الشعبی کے پرچم نصب کر دیے۔ انہوں نے عراقی سفارتخانے کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

امریکی سفارتخانے پر مظاہرین کے حملے کے بعد امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کی طرف سے عراق میں مزید 750 امریکی فوجی بھیجنے کا اعلان کیا گیا جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 4000 چھاتہ بردار فوجی کویت کی طرف روانہ کرنے کا حکم دیا۔ اپنی ایک ٹوئیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سفارتخانے پر حملہ کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ ایران کو اس نقصان کی بہت بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔ گزشتہ روز بغداد میں امریکی جنگی ہیلی کاپٹر کو ایرانی سفارت خانے کے گرد چکر لگاتےہوئے دیکھا گیا جو عراقی فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی تھی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .