۳۰ فروردین ۱۴۰۳ |۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 18, 2024
مولانا عباس انصاری

حوزہ/ ہزاروں شاگردوں نے امام صادق علیہ السلام سے کسب فیض حاصل کرکے علمی کمال حاصل کیا اور ماضی اور حال کے بڑے بڑے علمی و سائنسی ایجادات امام صادق علیہ السلام کے شاگردوں کی مرہون منت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے پیش نظر اگرچہ یوم شہادت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے سلسلہ میں مجالس عزاء کی اجتماعی تقریبات منعقد نہ ہوسکی تاہم جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے آفتاب امامت کے چھٹے تابناک اختر حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں عالم بشریت کے لئے رول ماڈل قرار دیا ہے۔تںظیم کے سربراہ و بزرگ حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے یوم شہادت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت پر عالم بشریت بالخصوص حضرت ولی عصر (عج)، ولی امر المسلمین حضرت امام خامنہ ای اور دیگر مراجع کرام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام کی ذات گرامی ایک عظیم الشان اور لامثال دانشگاہ کے مانند ہے جس نے کائنات کے علوم و اسرار کی تعلیم خاص کر علوم اسلامی کی ترویج اور عوام کے عقائد و افکار کی اصلاح  میں ایک منفرد رول ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں شاگردوں نے امام صادق علیہ السلام سے کسب فیض حاصل کرکے علمی کمال حاصل کیا اور ماضی اور حال کے بڑے بڑے علمی و سائنسی ایجادات امام صادق علیہ السلام کے شاگردوں کی مرہون منت ہے کیونکہ جابر بن حیان اور نصیر الدین طوسی جیسے سائنسی علوم کے بانی کاروں نے سائنسی علوم امام جعفر صادق علیہ السلام سے سیکھے۔

مولانا نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام  علم کا مرکز اور حکمت کا عظیم منبع اور سر چشمہ ہے جس سے ایک عرصہ تک دنیا فیض حاصل کرتے رہے گی۔

مولانا نے کہا کہ عصمت و طہارت کی اس عظیم الشان ہستی نے اپنی حیات اقدس میں اپنے جد و اجداد کی طرح دین اسلام کی بےانتہا خدمت کی اور انتہائی مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود علوم قرآنی و سنت نبوی(ص)کو وسعت دی اور اس سلسلے میں ظالم و جابر حکمرانوں کے ظلم و تشدد اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے جرائت و شجاعت کا بھر پور مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے جید علماء و فقہاء نے بلا واسطہ یا بلواسطہ امام صادق علیہ السلام سے کسب فیض حاصل کیا اور مسلمانوں میں ایک علمی و فکری انقلاب برپا کرکے انہیں منزل مقصود تک پہنچنے کا سلیقہ سکھایا۔

مولانا نے کہا کہ امام صادق علیہ السلام آزادی کے علمبردار رہنما و رہبر تھے جنہوں نے روز اول سے جابر حکمرانوں کے ساتھ اظہار برائت کی اور ان کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا۔ مولانا نے امام صادق علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام صادق علیہ السلام عالم بشریت بالخصوص امت مسلمہ کے لئے نمونہ عمل ہے جب تلک مسلمانان عالم آپ کی سیرت پر عمل پیرا نہ ہو جائیں گے تب تک مسائل و مشکلات سے چھٹکارا پانے کی تمام کاوشیں لاحاصل مشق ہے۔

مولانا نے مسلمانان عالم سے تلقین کی کہ وہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے نقش قدم پر عمل پیرا ہوجائیں تاکہ تمام درپیش چلینجز کا مقابلہ یقینی بن جائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .