جمعرات 26 اگست 2021 - 22:27
انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے اراکین و عاملین کا خصوصی اجلاس، 25محرم الحرام کے جلوس میں شرکت کی اپیل

حوزہ/ اجلاس میں کئی تنظیمی امورات زیر بحث لائے گئے بالخصوص 25 محرم الحرام یوم شہادت سید الساجدین امام زین العابدین ؑ کی مناسبت سے شالیمار میں بر آمد ہونے والے جلوس عزا کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا خصوصی اجلاس حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی کی صدارت میں دولت کدہ حاجی غلام احمد بٹ شالیمار پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے تمام دِہ، ذونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اہم عہدہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کئی تنظیمی امورات زیر بحث لائے گئے بالخصوص 25 محرم الحرام یوم شہادت سید الساجدین امام زین العابدین ؑ کی مناسبت سے شالیمار میں بر آمد ہونے والے جلوس عزا کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں طے پایا کہ یہ عظیم الشان جلوس ذوالجناح حسب عمل قدیم اپنے مخصوص مقام دولت کدہ حاجی علی محمد خان آرہ بل شالیمار سے برآمد ہوکر اپنے روایتی راستے مین روڈ شالیمار سے ہوتا ہوا امام باڑہ گلشن علی شالیمار میں اختتام پزیر ہوگا۔

اجلاس میں اہلیان شالیمار کے جذبہ حسینیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ جس عقدیت و محبت سے جلوس ذوالجناح میں شامل دسیوں ہزار عزاداروں کا علاقہ کے لوگ استقبال کرتے ہیں اور مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ ہر لحاظ سے قابل داد اور ناقابل فراموش ہے اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ علاقہ شالیمار میں مصروف خدمت دینی و فلاحی انجمنیں حسب روایت جلوس ذوالجناح کے لئے اپنی گرانقدر خدمات میسر رکھیں گے۔ سرکاری و نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے گزارش کی گئی کہ وہ جلوس ذوالجناح میں شرکت کرنے والے عزاداروں کے لئے ٹرانسپورٹ کا مناسب انتظام رکھیں۔

عوام الناس بالخصوص ان نوحہ خوان دائرات حسینیؑ سے مخلصانہ اپیل کی گئی کہ اگر ان کے علاقے میں 25محرم الحرام کے سلسلے میں کوئی جلوس عزا برآمد نہیں ہوتا تو جلوس ذوالجناح شالیمار میں شرکت ضرور کریں۔جلوس عزا میں شرکت کرنے والے عزاداروں سے تاکید کی گئی کہ وہ احتیاطی تدابیر بالخصوص ماسک کے استعمال کا خاص خیال رکھیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha