حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا رضی حیدر زیدی صاحب کے والدکی وفات پرملال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید غافر رضوی فلکؔ چھولسی نےکہا: پھندیڑی سادات ضلع امروہہ کے باشندہ، نہایت متقی، متواضع اور پرہیزگار انسان، مولانا سید رضی حیدرزیدی صاحب قبلہ اور مولانا شان حیدر زیدی صاحب قبلہ کے والد محترم جناب سید امیرحیدرزیدی ابن سید تاثیر حسین زیدی کا آج 2صفر 1443ھ بمطابق 10ستمبر2021ء بروز جمعہ انتقال ہوگیا۔
موصوف تقریباً 15روز سے مرادآباد کے ہاسپٹل میں آئی سی یو کی حالت میں ایڈمٹ تھے، اولاد نے والد کا حق ادا کرتے ہوئے اپنی انتہک کوششیں کیں کہ امیرحیدر صاحب کو مزید زندگی مل جائے لیکن مشیت کا منظور نظرمزید زندگی دینا نہیں تھا لہٰذا مرحوم اپنی اولاد کو روتا بلکتا چھوڑکر بارگاہ ایزدی کی طرف کوچ کرگئے"اِنَّا للہ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ"۔
مولانا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: مرحوم نے اپنی اولاد میں سے دو فرزندوں کو صنف روحانیت سے منسلک کیا جو ان کی آخرت کے لئے بہترین ذخیرہ ثابت ہوگا۔ مرحوم کی تدفین آج شام مغرب سے پہلے ہوجائے گی، تمام مؤمنین سے گزارش ہے کہ نمازوحشت قبر اور دعائے مغفرت میں یاد رکھیں نیز ایک مرتبہ سورہ حمد اور تین مرتبہ سورہ توحید کی تلاوت فرماکر مرحوم کی روح کو ایصال فرمائیں۔
مولانا غافر رضوی نے مزید بیان کیا: ہم مرحوم کے اہل خانوادہ کی بابت صبر جمیل اور اجرجزیل کے خواہاں ہیں ، بالخصوص مولانا رضی حیدر اور مولاناشان حیدر کی خدمت میں ان کے والد محترم کی تسلیت پیش کرتے ہوئے عرض کرتے ہیں کہ ہم آپ لوگوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔