حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر محترم برادر حسن علی سجادی نے اپنے بیان میں ان خیالات کا اظہار کیا کہ دین مبین اسلام عبادات اور معاملات کے ساتھ ساتھ تعمیر شخصیت اور کردار سازی کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ اللّٰہ رب العزت نے انسان کو کمال تک پہنچانے کیلئے آسمانی کتاب نازل کئے اور انبیائے کرام کو بھیجا، جن میں سید المرسلین حضرت محمد المصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم آخری ہیں۔ تمام انبیاء سمیت رسول خدا صہ نے الٰہی تعلیمات کے مطابق انسانیت کی تربیت اور کردار سازی کی اور ان کے بعد امامت کا سلسلہ جاری ہوا تاکہ انسانیت کی ہدایت، تربیت اور کردار سازی تا قیامت جاری رہے۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گزشتہ پانچ دہائیوں سے سرزمین پاکستان میں دین اسلام کی تعلیمات اور سیرت محمد (ص) و آل محمد (ع) کے مطابق نوجوانوں کے کردار کی تعمیر اور تربیت کیلئے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکتبِ اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات کے مطابق آنے والی نسل کی کردار سازی کرنی چاہیے تاکہ مکتب اہل بیت کتابی صورت سے نکل کر معاشرہ میں عملی صورت اختیار کرے۔ اسی سلسلے میں اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 51واں سالانہ مرکزی کنونشن بعنوان "تعمیرِ کردار" 18 تا 21 نومبر 2021ء ثقافتی مرکز بھٹ شاہ ضلع مٹیاری سندھ میں ہوگا۔ کنونشن کے نام اور تاریخ کی منظوری اصغریہ اسٹوڈنٹس کے پالیسی ساز ادارے ورکنگ کونسل کے اجلاس میں اکثریت رائے سے لی گئی ہے، جبکہ کنونشن کے انتظامات کیلئے انجنیئر سید حسین موسوی کو چیئرمین اور نائب چیئرمین محترم سید پسند علی رضوی کو مقرر کیا گیا ہے۔
مزید انہوں نے کہا کہ کنونشن میں سندھ سمیت پاکستان بھر سے آنے والے علمائے کرام، دانشور حضرات، ماہرین تعلیم خطاب کریں گے۔ کنونشن میں اصغریہ اسٹوڈنٹس کے کارکنان کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر مرکز، ڈویژنز، اضلاع اور تعلیمی اداروں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائیں گی، جبکہ نئے سال کیلئے نئے مرکزی صدر کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ 21 نومبر کو اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا مشترکہ جلسہ عام بعنوان ’یوم امام حسن عسکریؑ‘‘ کا انعقاد ہوگا، جس میں جید علمائے کرام و دانشور عظام کے خطابات سمیت دونوں تنظیموں کے نئے مرکزی صدور کا اعلان کیا جائے گا۔