۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حسنعلی سجادی

حوزہ/ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر: سیرت پیغمبر گرامی (ص) سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور مسائل کے حل کے لئے امن، محبت، رواداری، تحمل و برداشت کا راستہ اختیار کریں تاکہ امت محمدی میں شیعہ سنی کی تفریق اور مسلکی اختلافات کے خاتمے و امن کے فروغ کا راستہ اپنائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر حسن علی سجادی نے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے بیان میں کہا کہ ہر دور کی طرح اس دور میں بھی دشمنِ خدا امت مسلمہ کو تفرقہ بازی اور اختلاف میں مبتلا رکھنے کیلئے کس قدر اپنا وقت، سرمایہ اور دوسری قوتوں کو صرف کر رہا ہے۔ ہمیں بھی چاہیے کہ جس طرح خداوند عالم نے قرآن کریم اور سیرت رسول اکرم (ص) و آئمہ کرام (ع) کے ذریعے امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔ إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ (مؤمنین تو بس آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ سورۂ حجرات، آیت۱۰)۔ ہم بھی قرآن اور سیرت پیغمبر گرامی (ص) سے درس لیتے ہوئے باہمی اختلافات اور مسائل کے حل کے لئے امن، محبت، رواداری، تحمل و برداشت کا راستہ اختیار کریں تاکہ امت محمدی میں شیعہ سنی کی تفریق اور مسلکی اختلافات کے خاتمے و امن کے فروغ کا راستہ اپنائیں۔

اے ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ خاتم المرسلین (ص) کی ولادت باسعادت کے موقع پر امت مسلمہ حضور اکرم (ص) کی سیرت اور فرامین کی ترویج کرے تاکہ آپ (ص) کی سیرت سے دنیا آشنا ہو سکے اور اپنے دینی و دنیاوی مسائل کے حل کیلئے حضور اکرم (ص) کے اسوہ حسنہ کو نمونہ عمل قرار دے۔

انہوں نے مزید کہا کے رہبر کبیر روح اللّٰہ خمینی رح نے دشمن کی سازشوں کو درک کیا اور ماہ ربیع الاول میں ہفتہ وحدت منانے کا اعلان کیا تاکہ امت محمدی سیرت رسول خدا (ص) کو اپناتے ہوئے ایک دوسرے سے محبت و اتحاد کے ساتھ رہے۔ ہمیں ہفتہ وحدت کے دوران تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے مابین وحدت و اتحاد کی مزید مضبوطی و فروغ کے لئے کام کرنا چاہیے۔ معمولی نوعیت کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملت اسلامیہ کے اتحاد کا عملی مظاہرہ کریں اور دشمن عناصر کو واضح پیغام دیں کہ وہ امت مسلمہ کے اتحاد کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .