۲۹ فروردین ۱۴۰۳ |۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 17, 2024
جامعہ المنتظر لاہور

حوزہ/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر اور جامعتہ المنتظر کے ناظم اعلیٰ علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا کہ ”دارالقرآن والحدیث“ کے نام سے ایک ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا پروگرام تشکیل پا چکا ہے ۔ اس تحقیقی مرکز میں قرآن مجید کے مختلف موضوعات پر تحقیقات کی جائیں گی ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر اور جامعتہ المنتظر کے ناظم اعلیٰ علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور معاشرے کی اہم ضرورت ہیں۔دینی مدارس صدیوں سے اسلامی معاشرے کی دینی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں ۔علوم قرآن و حدیت ، فقہ اسلامی اور عصری علوم آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لئے اسلامی تعلیمی ادارے اور منصوبے جاری ہیں ۔ تحصیل علم کے بعد ہر سال ان مدارس سے ہزاروں طلبہ و طالبات مساجد ، مدارس، امام بارگاہوں میں تبلیغ اسلام کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

علماء سے گفتگو میں علامہ مرید نقوی نے کہا کہ عظیم حوزہ علمیہ جامعہ المنتظرکو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے ابتدائی کام مکمل ہوچکا ہے۔ بہت جلد حوزہ علمیہ میں مختلف شعبہ جات کا اضافہ کیا جائے گا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے ۔اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ”دارالقرآن والحدیث“ کے نام سے ایک ریسرچ سنٹر قائم کرنے کا پروگرام تشکیل پا چکا ہے ۔ اس تحقیقی مرکز میں قرآن مجید کے مختلف موضوعات پر تحقیقات کی جائیں گی ۔ہماری کوشش ہوگی کہ مختلف قرآنی موضوعات پر ہر سال کم ازکم ایک کتاب شائع کروائی جائے۔

جامعتہ المنتظر کے ناظم اعلیٰ نے کہا کہ قرآن مجید کے مختلف موضوعات میں اخلاقیات ،احکامات فقہی، حدود و تعزیرات، قصص انبیا علیہم السلام،اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام کے تذکرے کے علاوہ بہت سے موضوعات ہیں جن پر تحقیقاتی کام کیا جائے گا، تاکہ امت اسلامی کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ قرآن مجید علوم کا خزانہ ہے ۔قرآن زندہ معجزہ ہے،کتاب الٰہی کو ہمیں اپنی زندگی میں لانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید ہر دور کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔دارالقرآن والحدیث میں ہر شعبے کا علیحدہ سربراہ ہوگا ، جو قرآنی آیات پر کام کرے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .