حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،تہران/ خاتم الانبیا کے سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کماندر نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری اور فوجی مراکز کو کسی بھی خطرے کا مسلح افواج کی جانب سے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایک باخبر فوجی اہلکار کے کہنے کے مطابق حضرت خاتم الانبیاء (ص) کے سنٹرل ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل غلامعلی رشید نے پیامبر اکرم نامی 17ویں فوجی مشق کے دوران IRGC کے سینیئر کمانڈروں کے ایک اجتماع میں کہا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اسلامی جمہوریہ کے ایٹمی اور فوجی مراکز کو کسی بھی قسم کا خطرہ امریکہ کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے ویانا مذاکرات میں ایران کی فعال موجودگی اور عالمی برادری کے ساتھ سنجیدہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر اس طرح کے خطرات عملی ہو گئے تو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج فوری طور پر تمام ملوث عناصر اور مراکز پر حملہ کرے گا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی میڈیا نے وزیر جنگ کے حوالے سے کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔