۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
ابراہیم جزائری

حوزہ/ حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی نے اپنی پوری عمر مبارک کو تحصیل علوم دینیہ ودرس و تدریس وتربیت طلاب میں گزاردی آپ کے ہزاروں شاگرد دنیا کے گوشہ گوشہ میں علوم اہل بیت علیھم السلام کو نشر کرنے میں مصروف و مشغول ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مدرسہ امام رضا (ع) حيدرآباد ہندوستان کا حضرت آیۃ اللہ العظمی شیخ صافی گلپائگانی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جسکا مکمل متن کچھ اس طرح ہے؛

بسمہ تعالی
آہ فقیہ اہل بیت علیھم السلام
إنّا لله وإنّا إليهِ رَاجعُون رضاً بقضائه وتسليماً لأمره
بے حد افسوس کے ساتھ اطلاع موصول ہوئی کہ فقیہ اہل بیتِ عصمت وطہارت ، مدافعِ مقام نبوت و امامت، محافظ و نگہبان احکام شریعت شیخ المراجع والمجتھدین حضرت آیۃ اللہ العظمی فی العالمین الشیخ لطف اللہ صافی گلپائگانی رحمہ اللہ ارحم الراحمین، نے داعی اجل کو لبیك کہا رضاً بقضائہ وتسلیما لأمر ہ
حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی نے اپنی پوری عمر مبارک کو تحصیل علوم دینیہ ودرس و تدریس وتربیت طلاب میں گزاردی آپ کے ہزاروں شاگرد دنیا کے گوشہ گوشہ میں علوم اہل بیت علیھم السلام کو نشر کرنے میں مصروف و مشغول ہیں، جہاں سن ۱۹۷۵عیسوی میں شہر حیدرآباد کو آپ کی مہمانی کا اعزاز حاصل رہا وہیں مدیر محترم مدرسہ کو بھی یہ شرف ہے کہ آپ سے اجازہ حاصل ہے۔
بہت سی کتابیں فقہ و اصول و تفسیر و معارف اہلبیت علیھم السلام خاص کر سرکار امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے سلسلے میں لکھیں جن میں شہرہ آفاق کتاب المنتخب الاثر فی الامام الثانی عشر ہے۔
خاندان پیغمبر سے لگاؤ کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا تھا کہ آپ بھی حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شہادت کے دنوں میں اپنے بیت الشرف سے پا برہنہ و پاپیادہ حضرت معصومہ قم سلام اللہ علیہا کے حرم تک اظہار غم کرتے اور تعزیت پیش کرنے تشریف لاتے تھے
علمائے اعلام و طلاب ذوی الاحترام خاص کر سادات کرام کا حد درجہ احترام کرتے تھے اور انکی دست بوسی آپ کا خاصہ تھا ، جسکا صلہ یہ ملا کہ آپ دنیا میں ہر دل عزیز رہے اور مرنے کے بعد کربلائے معلی
حضرت سیدالشھداء امام حسین ابن علی علیہما السلام کے حرم میں قریب ترین مقام ملا۔
ہم أولا اس موقع پرامام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خدمت با برکت میں عرض ادب و تعزیت پیش کرتے ہیں ثانیاً حوزات علمیہ وتمام
مراجع کرام خصوصاً مقام معظم رہبری مدظله العالی اور
ان کے نمائندہ محترم آیت اللہ مہدی مھدوی پور دام ظلہ العالی کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور حضرت آیت اللہ العظمی کے بلندی درجات کی بارگاہ خداوندی میں دعا۔ نیز آپ کے افراد خاندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت کے ساتھ ساتھ خداوند عالم سے دعا ہے کہ ان کو اس مصیبت عظمیٰ میں صبر جمیل عطا فرمائےآمین بمحمد وآلہ الطاہرین
حضرت آیۃ اللہ صافی گلپائگانی رحمۃ اللہ علیه کے علو درجات کےلئے مدرسہ میں قرآن خوانی اور مجلس عزاء کا انعقاد روز یکشنبہ10/30بجے، صبح کیا گیا ہے۔

شریک غم مدیر مدرسة الإمام الرضاعليه السلام الدينية حيدرآبادهند

تبصرہ ارسال

You are replying to: .